قومی خبریں

’لینڈ فار جاب‘ کیس: رابڑی دیوی پر الزام طے کرنے کی سماعت 25 اگست تک ملتوی

رابڑی دیوی پر الزام طے کرنے کی سماعت وکلا کی ہڑتال کے باعث ملتوی، اب 25 اگست کو ہوگی۔ سی بی آئی نے اس کیس میں لالو، رابڑی، ان کے بیٹے اور دیگر کو نوکری کے بدلے زمین لینے کا ملزم بنایا ہے

بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کی فائل تصویر
بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کی فائل تصویر 

نئی دہلی: ’لینڈ فار جاب‘ بدعنوانی معاملے میں سابق وزیراعلیٰ بہار رابڑی دیوی اور دیگر ملزمان کے خلاف الزامات طے کرنے کی کارروائی ہفتہ کو طے تھی، تاہم وکلا کی ہڑتال کے باعث اسے مؤخر کر دیا گیا۔ راؤز ایونیو کورٹ میں ہفتہ کو رابڑی دیوی کے خلاف الزامات کے تعین پر بحث ہونی تھی، لیکن عدالتی کارروائی شروع ہوتے ہی ہڑتالی وکلا نے اس کا سخت مخالفت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جب تک ہڑتال جاری ہے عدالت کو بھی سماعت ملتوی کرنی چاہیے۔

Published: undefined

عدالت میں وکلا اور جج کے درمیان اس مسئلے پر بحث ہوئی، جس کے بعد عدالت نے موجودہ سماعت ملتوی کرتے ہوئے نئی تاریخ 25 اگست مقرر کر دی۔ اس دن رابڑی دیوی اور دیگر ملزمان کے خلاف الزامات پر بحث اور فیصلہ ہوگا۔ اس کیس میں سی بی آئی نے سابق ریلوے وزیر لالو پرساد یادو، ان کی اہلیہ رابڑی دیوی، بیٹے تیجسوی یادو، تیج پرتاپ یادو، بیٹی میسا بھارتی اور ہیما یادو سمیت تقریباً 100 افراد کو ملزم بنایا ہے۔

یہ معاملہ 2004 سے 2009 کے درمیان کا ہے جب لالو پرساد یادو ریلوے وزیر تھے۔ سی بی آئی کے مطابق لالو یادو پر الزام ہے کہ انہوں نے ریلوے میں بھرتی کے بدلے کچھ افراد سے کم قیمت پر زمین لی۔ جانچ ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ تمام لین دین کسی باضابطہ قانونی عمل کے بغیر کیے گئے۔

Published: undefined

جمعہ کو عدالت نے لالو پرساد یادو کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔ اس کے بعد ہفتہ کو رابڑی دیوی پر الزامات طے کرنے کی بحث ہونی تھی لیکن وکلا کی ہڑتال کے سبب یہ ممکن نہ ہوسکا۔ وکلا کا مؤقف تھا کہ جب تک ہڑتال جاری ہے، عدالت کو تعاون کرتے ہوئے سماعت روک دینی چاہیے۔ عدالت نے وکلا کے مطالبے پر غور کے بعد کارروائی کو 25 اگست تک مؤخر کردیا۔

واضح رہے کہ ’لینڈ فار جاب‘ اسکینڈل میں لالو یادو، رابڑی دیوی اور ان کے بچوں پر بدعنوانی اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات ہیں۔ جانچ ایجنسیوں کا دعویٰ ہے کہ نوکری کے عوض زمین لینے کا یہ سلسلہ کئی برسوں تک جاری رہا اور ریلوے بھرتیوں میں شفافیت کو نقصان پہنچا۔

Published: undefined

اس معاملے کی سماعت راؤز ایونیو کورٹ میں جاری ہے اور اگلی کارروائی میں امکان ہے کہ عدالت الزامات طے کرنے پر اپنا فیصلہ سنائے گی۔ یہ مقدمہ سیاسی طور پر بھی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس میں بہار کے نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو سمیت لالو یادو کے پورے خاندان پر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اب تمام نگاہیں 25 اگست کی سماعت پر مرکوز ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined