فاروق عبداللہ پر جموں میں جان لیوا حملہ، شادی کی تقریب میں نزدیک سے چلائی گئی گولی، حملہ آور گرفتار
ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر جموں میں اس وقت گولی چلائی گئی جب وہ ایک شادی کی تقریب میں شرکت کر رہے تھے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ کو ناکام بنایا اور حملہ آور کمل سنگھ کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا

جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر بدھ کی رات جموں میں جان لیوا حملہ کیا گیا۔ یہ واقع ایک شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا جب ان کے ساتھ ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ سرندر چودھری بھی موجود تھے۔ اس حملے میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ بال بال بچ گئے اور سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا، جس کی شناخت جموں کے رہائشی کمل سنگھ جاموال کے طور پر ہوئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، فاروق عبداللہ جموں کے گریٹر کیلاش میں واقع رائل پارک میں ایک شادی کی تقریب میں پہنچے تھے اور حملہ آور بھی اسی تقریب میں موجود تھا۔ اس واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب فاروق عبداللہ شادی کی تقریب سے واپس لوٹ رہے تھے، تبھی ایک شخص تیزی سے ان کے قریب جاتا ہے اور اچانک پستول کے ذریعے انہیں نشانہ بنانا چاہتا ہے۔ ملزم فاروق عبداللہ کے سر میں گولی مارنا چاہتا ہے لیکن ان کے ساتھ موجود سکیورٹی اہلکار حرکت میں آ جاتے ہیں اور حملہ آور اپنے منصوبہ میں کامیاب نہیں ہو پاتا۔
ملزم کمل سنگھ جاموال پولیس کی حراست میں ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمل سنگھ جاموال جموں کے پرانی منڈی کا رہائشی ہے، اس کی پیدائش 1963 میں ہوئی تھی اور جموں کے اولڈ سٹی میں ان کی کئی دکانیں ہیں، جن کا کرایہ اس کا ذریعہ معاش ہے۔ رپوٹ کے مطابق، ملزم نے پوچھ گچھ میں بیان دیا ہے کہ وہ گزشتہ 20 برس سے فاروق عبداللہ کو قتل کرنا چاہتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ یہ اس کا نجی ایجنڈا ہے اور جس پستول سے گولی چلائی گئی وہ ملزم کی ہی ہے۔
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ اور فاروق عبداللہ کے بیٹے عمر عبداللہ نے اس واقعہ کے بعد خدا کا شکر ادا کیا، جبکہ انہوں نے اتنی بڑی حفاظتی غفلت پر سوال بھی اٹھائے۔ عمر عبداللہ نے ایکس پر ایک صحافی کی جانب سے پوسٹ کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج کو شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’اللہ رحیم ہے۔ میرے والد بال بال بچے ہیں۔ تفصیلات ابھی واضح نہیں ہیں مگر جو معلوم ہو رہا ہے اس کے مطابق ایک شخص بھری پستول لے کر پوائنٹ بلینک رینج میں (انتہائی قریب) پہنچ گیا اور گولی چلا دی۔ انتہائی قریبی حفاظتی عملہ نے پستول کا رخ موڑا اور قتل کی کوشش کو ناکام بنایا۔ اس وقت سوالات زیادہ ہیں اور جواب کم، آخر کوئی شخص زیڈ پلس زمرے کی این ایس جی سکورٹ حاصل سابق وزیر اعلیٰ کے اتنا قریب کس طرح پہنچ سکتا ہے؟