قومی خبریں

جموں و کشمیر میں پہلے حد بندی پھر انتخابات، ریاستی درجے کی بحالی مناسب وقت پر: جتیندر سنگھ

جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ مناسب وقت پھر بحال کیا جائے گا، جیسا کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے پارلیمنٹ میں اعلان کیا تھا

جتیندر سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
جتیندر سنگھ، تصویر آئی اے این ایس 

جموں: وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے واضح کیا ہے کہ جموں و کشمیر میں پہلے اسمبلی نشستوں کی از سر نو حد بندی ہوگی اور پھر انتخابات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ مناسب وقت پھر بحال کیا جائے گا، جیسا کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے پارلیمنٹ میں اعلان کیا ہے۔

Published: undefined

جتیندر سنگھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرانے میں بی جے پی حائل نہیں ہے، بلکہ یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنا ہے۔ موصوف وزیر نے ان باتوں کا اظہار ایک نیوز پورٹل کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو کے دوران کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'جموں و کشمیر میں فی الوقت حد بندی اور پھر الیکشن ہوں گے اور جیسے جیسے آگے بڑھتے جائیں گے باقی کام بھی عمل میں لائے جائیں گے'۔

Published: undefined

جموں و کشمیر کو ریاستی درجے کی بحالی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ 'اس ضمن میں وزیر داخلہ امت شاہ نے پارلیمنٹ میں اعلان کیا تھا کہ مناسب وقت پر ریاستی درجے کو بحال کیا جائے گا'۔ موصوف نے کہا کہ جموں و کشمیر میں قریب ڈیڑھ صدی پرانی دربار مو کی روایت کے خاتمے کے حوالے سے کہا کہ اس روایت کے خاتمے کا ریاستی درجے کی بحالی سے کوئی تعلق نہیں ہے، بلکہ یہ ای گورننس کا ایک حصہ ہے اور اس روایت کے خاتمے سے قریب دو سو کروڑ روپے بچ گئے، جو فائلیں لانے لے جانے میں صرف ہوتے تھے اور اس سے کافی وقت بھی ضائع ہونے سے بچ گیا۔

Published: undefined

جتیندر سنگھ نے کہا کہ اس اقدام سے چھوٹے تاجروں کے لئے مسئلے پیدا ہوئے ہیں لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کا بھی حل نکل آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں کب الیکشن ہوں گے یہ فیصلہ لینا الیکشن کمیشن کا کام ہے لیکن میں یہ صاف کرتا ہوں کہ بی جے پی ان انتخابات کو منعقد کرانے میں رکاوٹیں پیدا نہیں کرتی ہے، کیونکہ ایسا کرنا غیر جمہوری عمل ہے۔

Published: undefined

گپکار الائنس کو کل جماعتی میٹنگ میں بلائے جانے پر انہوں نے کہا کہ سیاست میں کسی کے ساتھ بھی بات چیت کی جا سکتی ہے، اختلاف رائے ہوسکتا ہے، لیکن بات چیت جاری رکھنے میں کوئی دقت نہیں ہے۔ موصوف وزیر نے کہا کہ کورونا میں نرمی کے ساتھ ہی وزیر اعظم کی پہلی میٹنگ جموں و کشمیر کے نمائندوں کے ساتھ ہی منعقد ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جموں و کشمیر کے لئے کافی آگے چلنے کے لئے تیار ہیں وہ کچھ ایسا دینے کے لئے تیار ہیں کہ جس کی کوئی مثال نہیں ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined