بہار میں طالبات کی حفاظت کے لیے گرلس ہاسٹل اور لاج سے متعلق نئی سکیورٹی ہدایات جاری
ہاسٹلوں میں سکیورٹی کو بڑھانے کے لیے مرکزی داخلی راستوں، گلیاروں، کھانے کی جگہوں اور ہاسٹل کے احاطے میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنا ضروری ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کو کم از کم 30 دنوں تک محفوظ رکھنا ہوگا۔

پٹنہ کے ایک گرلس ہاسٹل میں نیٹ امتحان کی تیاری کر رہی طالبہ کی مشتبہ موت کے بعد اپوزیشن اور عوام کی جانب سے سخت ناراضگی کے دوران آخر کار ریاستی حکومت نے ریاست بھرمیں چلنے والے تمام گرلس ہاسٹلوں اور لاج کی حفاظت کے لیے سخت ہدایات جاری کی ہیں، جن کا مقصد سکیورٹی کو مضبوط بنانا اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنا ہے۔ نئی ہدایت کے تحت گرلس ہاسٹلوں اور لاج کے لیے رجسٹریشن لازمی کردیا گیا ہے۔
معلومات کے مطابق ہر پولیس اسٹیشن کو اب اپنے زیراختیارعلاقے میں آنے والے ہاسٹلوں کا مکمل بیورا رکھنا ہوگا تاکہ ضرورت پڑنے پر معلومات تک فوری رسائی کو یقینی بنایا جاسکے۔ یہ ذمہ داری مقامی تھانوں میں خواتین کی ہیلپ ڈیسک کو سونپی گئی ہے۔ حکومت نے تمام گرلس ہاسٹلوں کے لیے چوبیس گھنٹے ایک خاتون وارڈن کی تعیناتی کو لازمی قرار دیا ہے۔
اس کے علاوہ ہاسٹل کے تمام عملے بشمول وارڈن، سیکیورٹی گارڈ، باورچی اور صفائی ملازمین سمیت تمام ہاسٹل ملازمین کی پولیس تصدیق کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ سکیورٹی کو بڑھانے کے لیے مرکزی داخلی راستوں، گلیاروں، کھانے کی جگہوں اور ہاسٹل کے احاطے میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنا ضروری ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کو کم از کم 30 دنوں تک محفوظ رکھنا ہوگا۔
ہاسٹلوں کے لئے یہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ مناسب روشنی، صفائی کی مناسب سہولیات، مضبوط دروازے اور تالے اور کھڑکیوں پر لوہے کی گرل لگائیں تاکہ غیر مجاز داخلے کو روکا جا سکے۔ آنے والے کی کڑی نگرانی کا حکم دیاگیا ہے۔ ہر آنے والے کا نام، موبائل نمبر اور آدھار نمبر وزیٹر رجسٹر میں درج کیاجانا چاہئے۔ ہاسٹل کے رہائشی علاقوں میں مردوں کا داخلہ سختی سے ممنوع ہے۔
اس کے علاوہ طلباء اور عملے کی رات کی حاضری درج کرنے کے لیے بائیو میٹرک سسٹم نصب کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے جس سے جواب دہی اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ مقامی پولیس اسٹیشن، خواتین ہیلپ سنٹر، ابھیہ بریگیڈ اور 112 ہیلپ لائن سمیت ہنگامی رابطہ کی تفصیلات والے پوسٹر ہاسٹلوں کے اندر نمایاں طور پر آویزاں کیا جانا چاہیے۔ طلباء کو 112 انڈیا موبائل ایپ کی حفاظتی خصوصیات کے بارے میں بھی تعلیم دی جائے گی۔
پولیس، خواتین ہیلپ سینٹراور ابھیہ بریگیڈ ہاسٹلوں کا باقاعدہ معائنہ کریں گے۔ اس سلسلے میں افسران نے متنبہ کیا ہے کہ کسی بھی مشکوک یا مجرمانہ سرگرمی پر فوری کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی حفاظتی کوتاہی کے خلاف صفر رواداری پر زور دیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔