قومی خبریں

راہل نے جو بیانیہ سیٹ کیا ہے اس کو وزیر اعظم آج کس طرح توڑیں گے؟

آج بحث کا تیسرا اور آخری دن ہے جس میں وزیر اعظم کا جواب سب سے اہم ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ حزب اختلاف کے خلاف کس طرح کا بیانیہ سیٹ کرتے ہیں

<div class="paragraphs"><p>لوک سبھا میں راہل گاندھی / یو این آئی</p></div>

لوک سبھا میں راہل گاندھی / یو این آئی

 

اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ حزب اختلاف کی جانب سے لوک سبھا میں حکومت کے خلاف پیش کی گئی عدم اعتماد کی تحریک کسی بھی حالت میں منظور نہیں ہونی تھی اور حزب اختلاف اس حقیقت سے بخوبی واقف تھی۔ سوال یہ ہے کہ حزب اختلاف لوک سبھا میں حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کیوں لایا اور کیا  اس کو لانا اس کی مجبوری تھی یا یہ حکومت کی جانب سے پھینکا گیا جال تھا، جس میں وہ پھنس گئی؟ دونوں کے حامی اپنے اپنے حق میں دلائل دے رہے ہیں اور کسی حد تک یہ کہا بھی جا سکتا ہے کہ دونوں عام انتخابات سے ایک سال قبل اس تحریک کا بھرپور سیاسی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

Published: undefined

حزب اختلاف کا دعوی ٰ ہے کہ یہ تحریک  منی پور پر وزیر اعظم کی خاموشی توڑنے میں کامیاب رہے گی اور اسی وجہ سے تحریک پیش کرتے ہوئے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گورو گگوئی نے سوال کیا کہ منی پور جل رہا ہے لیکن وزیر اعظم خاموش کیوں ہیں اور وہ کیوں اس پر نہیں بولتے؟ شائد وہ بھول گئے کہ وزیر اعظم چاہے کسی بھی چیز پر بول لیں لیکن جن مسائل پر حزب اختلاف ان کا بیان چاہتا ہے ان پر ان کی خاموشی نہیں ٹوٹتی چاہے وہ سی اے اے، این آر سی کے خلاف احتجاج ہو، کسانوں کا احتجاج ہو یا پہلوانوں کا احتجاج۔

Published: undefined

بہرحال گورو گگوئی نے جس شاندار طریقے سے عدم اعتماد کی تحریک پیش کی، اس کی توقع بھی نہیں تھی اور وہ تمام سوال اٹھائے جو وقت اور تحریک کی ضرورت تھے۔ ان کے جواب میں پہلے مقرر کے طور پر نشی کانت دوبے نے جب گورو گگوئی کے ذریعہ اٹھائے گئے سوالوں کا جواب دیا تو انہوں نے یہ طے کر دیا کہ حکمراں جماعت اس تحریک کو کس طرح اپنے سیاسی مقصد کے لئے استعمال کرنا چاہتی ہے اور وہ  منی پور  پر نہیں بلکہ 2024 کے عام انتخابات کو ذہن میں رکھتے ہوئے جواب دے گی۔ حکمراں جماعت نے  نشی کانت دوبے کے ذریعہ جواب دینے کی پہل کرا کر حزب اختلاف کو یہ واضح پیغام دے دیا کہ وہ اس بحث کو کس سطح پر لے جانا چاہتی ہے! جبکہ ان کے پاس راج ناتھ سنگھ اور کانگریس سے گئے جیوترادتیہ سندھیا جیسے شاندار مقرر موجود  تھے۔

Published: undefined

اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ عدم اعتماد کی تحریک پر بحث کا پہلا دن گورو گگوئی کے نام رہا جبکہ کئی ارکان نے اچھی تقاریر کیں۔ عدم اعتماد کی تحریک پر بحث کے  دوسرے دن کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اپنے مختصر خطاب کے دوران جو تاثر چھوڑا وہ ان کے دل کی آواز بھی نظر آئی اور اگلے سال ہونے والے عام انتخابات کے لئے بیانیہ سیٹ کرنے کا ذریعہ بھی نظر آیا۔ راہل گاندھی کی تقریر کو معیاری تقریر کے خانے میں نہیں رکھا جا سکتا لیکن انہوں نے حکمراں جماعت کو ان کی زبان میں جواب دے کر اپنا سیاسی قد بھی بڑھا لیا اور حکومت کو مجبور کر دیا کہ وہ صرف اپنی حکومت کا رپورٹ کارڈ پیش کرتے رہیں اور ملک کے مسائل کے لیے کانگریس کے ستر سال کے اقتدار کو ذمہ دار ٹھہراتے رہیں۔ راہل گاندھی نے اپنے منی پور کے دورے کے دوران جن خواتین سے ملاقات کی ان کا ذکر، منی پور میں ہندوستانی آواز کا قتل، حکمراں جماعت کا موازنہ تکبر سے بھرے راون سے کرنا اور میگھناد اور کمبھ کرن کو حکمراں جماعت کے کان ناک ہونے کی بات کہہ کر عوام کے دل کی بات کی۔ نشی کانت دوبے کا دروپدی کا چیر ہرن والی بات سے جتنا نقصان حکمراں جماعت کو پہنچا اس سے کہیں زیادہ فائدہ راہل گاندھی کے راون کے تکبر والی مثال سے حزب اختلاف کو پہنچا۔

Published: undefined

بحث کے دوران کاکولی گھوش دستیدار، کنیموزی اور فاروق عبداللہ نے ٹھوس دلائل رکھے اور دوسرے دن کے آخر میں وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنی دو گھنٹے کی تقریر میں جہاں حکومت کی کارکردگی پر تفصیل سے روشنی ڈالی، وہیں انہوں نے حزب اختلاف کے تمام دعووں پر کھل کر جواب دیا۔  انہوں نے بہتر انداز میں تقریر کی لیکن ان کے پاس تمام اعداد و شمار ہونے کے باوجود وہ سیاسی طور پر عوام کو اپنی طرف راغب کرنے میں اتنے کامیاب نظر نہیں آئے جتنے راہل گاندھی۔ ان کی تقریر صرف ان کے اپنے ووٹروں کے لئے اور حامیوں کے جواب کے طور پر بہتر رہی لیکن بیانیہ سیٹ کرنے میں ناکام رہی۔

Published: undefined

دو دنوں  میں ہوئی تقاریر سے  تو یہی لگتا ہے کہ حزب اختلاف نے حکمراں جماعت کو گھیر لیا ہے کیونکہ 70 سال کی کانگریس اقتدار کی تاریخ اور حکومت کے کام کاج سے عوام کی اکثریت واقف ہے۔ بہرحال آج بحث کا تیسرا اور آخری دن ہے جس میں وزیر اعظم کا جواب سب سے اہم ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ حزب اختلاف کے خلاف کس طرح کا بیانیہ سیٹ کرتے ہیں۔  

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined