قومی خبریں

پٹرول پمپ سے ہٹائے جائیں گے پی ایم مودی کی تصویر والے بینر، الیکشن کمیشن کی ہدایت

انتخابی کمیشن کے ایک افسر نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ انتخابی ریاستوں میں 72 گھنٹے کے اندر پی ایم مودی کی تصویر والی ہورڈنگز کو ہٹانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس 

پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہو چکا ہے اور اب الیکشن کمیشن نے ان سبھی ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ وہاں پٹرول پمپوں پر موجود پی ایم مودی کی تصویر والی ہورڈنگز ہٹائی جائیں، کیونکہ اس سے مثالی ضابطہ اخلاق (ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ) کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس کے لیے 72 گھنٹے کا وقت دیا ہے، گویا کہ 72 گھنٹے کے بعد مغربی بنگال، تمل ناڈو، کیرالہ، آسام اور پڈوچیری میں پی ایم مودی کی تصویر والے بینر، بورڈ اور ہورڈنگ دکھائی نہیں دیں گے۔

Published: 03 Mar 2021, 11:10 PM IST

دراصل پٹرول پمپوں پر مرکزی حکومت کے منصوبوں پر مشتمل اشتہار والی ہورڈنگز میں پی ایم مودی کا استعمال ہو رہا ہے جسے مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ٹھہرایا گیا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق انتخابی کمیشن کے ایک افسر نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ انتخابی ریاستوں میں 72 گھنٹے کے اندر پی ایم مودی کی تصویر والی ہورڈنگز کو ہٹانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Published: 03 Mar 2021, 11:10 PM IST

یہاں قابل ذکر ہے کہ مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس نے انتخابی کمیشن سے اس معاملے پر شکایت کی تھی۔ ریاستی وزیر فرہاد حکیم نے کہا تھا کہ ’’ہم نے پٹرول پمپوں پر مرکزی منصوبوں کے اشتہارات والی ہورڈنگز میں ان کی (پی ایم مودی) تصویر ہٹانے کے لیے انتخابی کمیشن سے مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔‘‘

Published: 03 Mar 2021, 11:10 PM IST

واضح رہے کہ انتخابی کمیشن نے گزشتہ 26 فروری کو 4 ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام خطہ (پڈوچیری) میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا، اور اس کے ساتھ ہی مثالی ضابطہ اخلاق (ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ) بھی نافذ ہو گیا۔ مغربی بنگال میں 294 سیٹوں پر آٹھ مراحل میں اور آسام میں 126 سیٹوں کے لیے تین مراحل میں ووٹ ڈالے جائیں گے، جب کہ تمل ناڈو میں 234 اسمبلی سیٹوں، کیرالہ میں 130 اسمبلی سیٹوں اور پڈوچیری میں 30 اسمبلی سیٹوں کے لیے ایک مرحلہ میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ سبھی ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے نتائج 2 مئی کو برآمد ہوں گے۔

Published: 03 Mar 2021, 11:10 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 03 Mar 2021, 11:10 PM IST