امریکہ کے سامنے کناڈا نے ڈالے ہتھیار، 7 دنوں میں 5 بڑے فیصلوں پر لیا یو-ٹرن
کناڈا کی 75 فیصد سے زائد برآمدات امریکہ کو جاتی ہیں۔ ایسے میں 25 سے 50 فیصد ٹیرف معیشت کو بھاری نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کناڈا نے فیصلے بدلے اور امریکہ کے ساتھ ٹکراؤ کم کرنے کی کوشش کی۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کے بعد کناڈا نے بہت کم وقت میں کئی بڑے فیصلوں پر یو-ٹرن لے لیا ہے۔ ٹیرف، دفاعی اخراجات، طیارہ سرٹیفکیشن اور جنگی طیاروں کی خرید جیسے معاملوں پر 7 دنوں کے اندر نرمی دکھائی گئی ہے، جس سے صاف ہو گیا ہے کہ کناڈا کسی بھی طرح امریکہ کے دباؤ کو نظرانداز نہیں کر سکتا۔ آئیے یہاں ان 5 بڑے فیصلوں پر نظر ڈالیں، جو گزشتہ 7 دنوں کے اندر بدلے گئے ہیں۔
1. امریکہ سے تجارتی مذاکرات کے لیے کناڈا راضی
امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ کے عالمی ٹیرف کو منسوخ کر دیا۔ ان ٹیرف میں کناڈا پر عائد کیا گیا فینٹانائل ٹیرف بھی شامل تھا۔ کناڈا کے تجارتی وزیر ڈومینک لیبلانک نے کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ٹیرف غیر منصفانہ تھے۔ تاہم مکمل راحت نہیں ملی ہے۔ اسٹیل، ایلومینیم اور آٹوموبائل پر ٹیرف اب بھی نافذ ہیں۔ اس سلسلے میں کناڈا اب امریکہ سے بات چیت کرنے والا ہے۔ امریکہ-کناڈا-میکسیکو کے درمیان یو ایس ایم سی اے تجارتی معاہدے کا جائزہ ہونے والا ہے، جو 500 ملین سے زیادہ افراد کی منڈی کا احاطہ کرتا ہے۔ اس لیے کناڈا اب بھی دباؤ میں ہے۔
2. ناٹو کے لیے دفاعی اخراجات بڑھانے کا وعدہ
ڈونالڈ ٹرمپ طویل عرصہ سے ناٹو ممالک سے کہہ رہے ہیں کہ وہ اپنے دفاعی بجٹ کو جی ڈی پی کے 2 فیصد تک بڑھائیں۔ اب کناڈا نے کہا ہے کہ وہ اسی مالی سال میں 2 فیصد کا ہدف حاصل کر لے گا۔ حکومت کے مطابق کناڈائی آرمڈ فورسز (سی اے ایف) میں بھرتی کے درخواستوں میں تقریباً 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ کناڈا نے کہا ہے کہ وہ اپنی خود مختاری اور سلامتی مضبوط کرنے کے لیے دفاعی سرمایہ کاری کا طریقہ بھی بدلے گا۔
3. گلف اسٹریم جیٹ کو منظوری
30 جنوری کو ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر الزام عائد کیا کہ کناڈا نے گلف اسٹریم جی 500، جی 600، جی 700 اور جی 800 جیٹ کو سرٹیفائی نہیں کیا۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر فیصلہ نہیں بدلا گیا تو کناڈا میں بنے تمام طیاروں کو ڈی-سرٹیفائی کر دیں گے اور 50 فیصد ٹیرف لگا دیں گے۔ اس کے بعد 15 فروری کو ٹرانسپورٹ کناڈا نے گلف اسٹریم ایرو اسپیس کے جی وی آئی آئی-جی 500 اور جی وی آئی آئی-جی 600 کو سرٹیفکیٹ دے دیا۔ جی 700 اور جی 800 کے سلسلے میں ابھی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن سے بات چیت جاری ہے۔ گلف اسٹریم، امریکی کمپنی جنرل ڈائنامکس کارپوریشن کی ذیلی کمپنی ہے۔
4. کناڈا کی ’بائی کناڈیائی پالیسی‘
وزیر اعظم مارک کارنی نے شہریوں سے ’بائی کناڈائی‘ یعنی ملکی سامان خریدنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بیرونی ملک سے معیشت کو خطرہ ہو تو ملک کو وہی کرنا چاہیے جو اس کے اختیار میں ہو۔ نئی پالیسی کے تحت کناڈائی کمپنیوں اور مزدوروں کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا۔
5. ایف-35 جنگی طیاروں کی ڈیل، رقم پیشگی ادا
کناڈا نے امریکہ سے 14 اضافی ایف-35 جنگی طیاروں کے لیے خاموشی سے پیشگی ادائیگی کر دی۔ تاہم عوامی طور پر یہ اشارے بھی دیے گئے کہ اس معاہدے کو منسوخ کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔ اگرچہ اندرون خانہ رقم کی ادائیگی صاف ظاہر کرتی ہے کہ کناڈا اب امریکہ کو ناراض نہیں کرنا چاہتا۔ یہ قدم بتاتا ہے کہ دفاعی معاملات میں بھی کناڈا اب سختی دکھانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کناڈا کی 75 فیصد سے زیادہ برآمدات امریکہ کو جاتی ہیں۔ ایسے میں 25 سے 50 فیصد ٹیرف اس کی معیشت کو بھاری نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کناڈا نے تیزی سے فیصلے بدلے اور امریکہ کے ساتھ ٹکراؤ کم کرنے کی کوشش کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔