چھتیس گڑھ میں ایس آئی آر کے بعد الیکشن کمیشن کے ذریعہ حتمی ووٹر لسٹ جاری، 25 لاکھ لوگوں کے نام حذف

ڈرافٹ لسٹ سے قبل 2 کروڑ 12 لاکھ 30 ہزار 737 ووٹرس تھے۔ ایس آئی آر عمل کے بعد آئی ڈرافٹ لسٹ میں یہ تعداد گھٹ کر 1 کروڑ 84 لاکھ 95 ہزار 920 ہو گئی۔ حتمی لسٹ میں یہ تعداد 1 کروڑ 87 لاکھ 30 ہزار 914 ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے اختتام کے بعد ہفتہ کے روز چھتیس گڑھ کی حتمی ووٹر لسٹ جاری کر دی۔ تقریباً 24 لاکھ نام خارج ہونے اور 2,34,994 ووٹرس کا نام جوڑنے کے بعد ریاست میں اب مجموعی طور پر 1,87,30,914 رجسٹرڈ ووٹرس ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ڈرافٹ فہرست سے قبل 2,12,30,737 ووٹر تھے۔ ایس آئی آر کا عمل انجام پانے کے بعد جاری ڈرافٹ فہرست میں یہ تعداد گھٹ کر 1,84,95,920 ہو گئی۔ اب انتخابی فہرست کی حتمی اشاعت کے بعد ریاست میں مجموعی طور پر 1,87,30,914 ووٹرس ہیں۔ مجموعی طور پر 24 لاکھ 99 ہزار 823 نام حتمی ووٹر لسٹ سے خارج کیے گئے ہیں۔


الیکشن کمیشن نے اپنے سرکاری بیان میں کہا ہے کہ ایس آئی آر کے اعلان کے بعد ریاست بھر کے 2,12,30,737 ووٹرس کو فارم کی تقسیم سے لے کر بھرے ہوئے فارموں کی ڈیجیٹلائزیشن تک کا کام ’مشن موڈ‘ میں کیا گیا۔ اس دوران جو فارم متوفی ووٹرس، مستقل منتقلی یا غیر حاضری کی وجہ سے واپس نہیں ملے، ان کی تصدیق کے لیے بوتھ لیول افسران (بی ایل او) اور سیاسی پارٹیوں کے بوتھ لیول ایجنٹس (بی ایل اے) کے درمیان میٹنگیں منعقد کی گئیں۔

کمیشن کے مطابق 27,196 بی ایل او نے گھر گھر جا کر فارم تقسیم کیے اور ووٹروں کی تصدیق و میپنگ کا کام کامیابی سے مکمل کیا۔ خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) پروگرام کے دوران ووٹرس سے موصول ہونے والی تازہ ترین تصاویر بھی حتمی ووٹر لسٹ میں شائع کی گئیں۔ خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کا کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے 33 ضلع انتخابی افسران، 90 انتخابی رجسٹریشن افسران (ای آر او)، 1,990 معاون انتخابی رجسٹریشن افسران (اے ای آر او)، 27,196 بوتھ لیول افسران (بی ایل او) اور 38,846 بوتھ لیول ایجنٹس (بی ایل اے) سمیت کئی رضاکاروں کی فعال شرکت رہی۔ ریاست کے ووٹرس کا بھی فعال تعاون حاصل ہوا۔


الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ بھی حتمی ووٹر لسٹ کی نقل شیئر کی ہے۔ ریاست کے چیف الیکشن آفیسر یشونت کمار نے بتایا کہ ایس آئی آر پروگرام کے دوران شہریوں سے موصول ہونے والی تازہ ترین تصاویر بھی حتمی ووٹر لسٹ میں شائع کی گئیں۔ انہوں نے ایس آئی آر عمل میں شامل تمام ملازمین کو مبارکباد بھی دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔