قومی خبریں

حجاب تنازعہ: ’نتیش کمار کو بلاشرط معافی مانگنی چاہیے‘، مسلم خاتون سے بدسلوکی معاملہ پر جاوید اختر کا بھی اظہارِ ناراضگی

جاوید اختر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا کہ ’’مجھے تھوڑا بہت جاننے والے کو بھی معلوم ہے کہ میں پردہ کی رسم کے کتنا خلاف ہوں، لیکن اس کا یہ مطلب بالکل نہیں کہ میں نتیش کمار کے عمل کو درست ٹھہراؤں۔‘‘

جاوید اختر، تصویر آئی اے این ایس
جاوید اختر، تصویر آئی اے این ایس 

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ’حجاب تنازعہ‘ کی وجہ سے لگاتار تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں۔ مسلم خاتون ڈاکٹر کے چہرے سے حجاب ہٹانے کے عمل نے نتیش کمار کو سماجی و سیاسی حلقوں کے ساتھ ساتھ فلم انڈسٹری کی ہستیوں میں بھی ایک طرح سے بدنام کر دیا ہے۔ عامر خان کی مقبول فلم ’دنگل‘ کی اداکارہ زائرہ وسیم پہلے ہی اس معاملے میں اپنی ناراضگی ظاہر کر چکی ہیں، اور اب مشہور و معروف نغمہ نگار و مصنف جاوید اختر کا بھی سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔

Published: undefined

حجاب تنازعہ پر جاوید اختر نے اپنا رد عمل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے تئیں اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’مجھے تھوڑا بہت جاننے والے کو بھی معلوم ہے کہ میں پردہ کی رسم کے کتنا خلاف ہوں، لیکن اس کا یہ مطلب بالکل نہیں ہے کہ میں نتیش کمار کے ذریعہ ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کے ساتھ کیے گئے عمل کو کسی بھی طرح سے درست ٹھہراؤں۔ میں اس کی شدید مذمت کرتا ہوں۔‘‘ وہ یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’نتیش کمار کو اس خاتون سے بلاشرط معافی مانگنی چاہیے۔‘‘

Published: undefined

اس سے قبل زائرہ وسیم نے بھی ’ایکس‘ پر ہی نتیش کمار کی بدسلوکی سے متعلق اپنا رد عمل ظاہر کیا تھا۔ انھوں نے لکھا تھا کہ ’’کسی خاتون کا وقار اور سادگی ایسی چیز نہیں جس سے کھلواڑ کیا جائے، خصوصاً پبلک پلیٹ فارم پر۔ ایک مسلم خاتون ہونے کے ناطے کسی دوسری خاتون کا نقاب اتنی آسانی سے کھینچتے دیکھنا اور وہ بھی مسکراتے ہوئے، بہت غصہ دلانے والا تھا۔‘‘ وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’’اقتدار کسی کی حدیں توڑنے کی اجازت نہیں دیتا۔ نتیش کمار کو اس خاتون سے بلا شرط معافی مانگنی چاہیے۔‘‘

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل ہی بہار کی راجدھانی پٹنہ میں نوتقرر آیوش ڈاکٹروں کو نتیش کمار کے ہاتھوں تقرری نامہ دیا جا رہا تھا۔ ایک مسلم خاتون ڈاکٹر جب اپنا تقرری نامہ لینے کے لیے حجاب پہن کر پہنچی، تو وزیر اعلیٰ نے چہرے پر موجود حجاب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان سے کہا ’’یہ کیا ہے؟‘‘ پھر نتیش کمار نے خود ہی خاتون کے چہرے پر موجود حجاب نیچے کھینچ دیا۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو گئی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined