قومی خبریں

کشمیر: تیز بارش اور ہواؤں سے شدید جانی و مالی نقصان، 2 خواتین سیمت 3 ہلاک، فصلیں تباہ

طوفانی بارشوں اور زوردار ژالہ باری سے جہاں شمالی کشمیر کے درجنوں علاقے زیر آب ہیں وہیں وسطی کشمیر کے کئی علاقوں میں ژالہ باری سے میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سری نگر: وادی کشمیر میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کی طوفانی بارشوں، تیز ہواؤں اور زور دار ژالہ باری جہاں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا سبب بنی ہے وہیں شمالی کشمیر کے درجنوں علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے چنداجی گاؤں میں موسلادھار بارشوں اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ایک رہائشی مکان پر ایک بھاری بھرکم درخت گر گیا جس کے نتیجے میں مکان میں موجود دو خواتین برسر موقع ہی جان بحق ہوئیں۔ فوت شدہ خواتین کی شناخت شریفہ بیگم اور مبینہ بانو ساکنان چنداجی کے بطور ہوئی ہے۔

Published: undefined

ادھر وسطی کشمیر کے ضلع گاندر بل کے گنڈ علاقے میں تیز ہواؤں اور بارشوں کی وجہ سے ایک درخت جڑ سے اکھڑ کر گجر بکروالوں کے ایک عارضی خیمے پر گر آیا جس کے نتیجے میں ایک 37 سالہ شخص ہلاک جبکہ اس کے دو رشتہ دار شدید زخمی ہوئے۔ مہلوک بکروال کی شناخت محمد یوسسف کلادہ ولد عبدالغنی کلادہ ساکنہ راجوری کے بطور ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت غلام حیدر ولد محمد داوؤد اورعبدالطیف ولد محمود ساکنان راجوری کے بطور ہوئی ہے۔

Published: undefined

طوفانی بارشوں اور زوردار ژالہ باری سے جہاں شمالی کشمیر کے درجنوں علاقے زیر آب ہیں وہیں وسطی کشمیر کے کئی علاقوں میں ژالہ باری سے میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق شمالی کشمیر کے درجنوں علاقوں بشمول ہانجی ویرہ بالا، ہانجی ویرہ پائین، شیر آباد کھور، آرم پورہ، کنزر اور اس کے ملحقہ دیہات، سرائے، ترکول بل اور اس کے ملحقہ علاقے زیر آب ہیں۔

Published: undefined

متذکرہ علاقوں میں دھان کی فصلوں، میوہ باغات اور سبزی باغوں کو کافی نقصان پہنچا ہے اور کئی پل ڈھہ گئے ہیں رابطہ سڑکیں بھی زیر آب ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے کئی علاقوں کا ضلع صدر مقامات سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ رہائشی مکانات اور دیگر تعمیراتی ڈھانچوں کے اندر بھی پانی داخل ہوگیا ہے۔ ٹنگمرگ علاقے میں قریب تیس دیہات کو جوڑنے والا ایک پل ڈھہ گیا ہے۔ وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے متعدد علاقوں میں بھی بارشوں اور ژالہ باری سے فصلوں اور میوہ باغات کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔

Published: undefined

ضلع کے چرار شریف کے زالوسہ، نوہاڑ، شر وانی، ڈھلون، تلسارہ، رکھائی، حیات پورہ، لولی پورہ، بٹ پورہ، فتلی پورہ علاقوں میں زبردست ژالہ باری سے ہزاروں کنال اراضی پر پھیلی دھان کی فصلوں کو بے تحاشہ نقصان پہنچا ہے اور میوہ جات بشمول سیب، ناشپاتی، خوبانی، اخروٹ وغیرہ کے باغوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ ضلع بڈگام کے دیگر کئی علاقوں میں بھی طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں سے فصلوں اور میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ جنوبی کشمیر سے بھی مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined