قومی خبریں

ہاتھرس سانحہ: سی بی آئی جانچ کی نگرانی سپریم کورٹ کرے، یوپی حکومت کا حلف نامہ

یوپی حکومت نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ متاثرہ کنبہ نے اپنی طرف سے وکیل سیما کشواہا اور راج رتن کو مقرر کیا ہے اور دونوں ان کی طرف سے پیش ہو رہے ہیں۔

سپریم کورٹ آف انڈیا - فائل تصویر / Getty Images
سپریم کورٹ آف انڈیا - فائل تصویر / Getty Images 

نئی دہلی: ہاتھرس میں دلت لڑکی کی اجتماعی عصمت دری اور قتل کے معاملہ میں سپریم کورٹ میں کل ہونے جا رہی سماعت سے قبل اتر پردیش حکومت نے حلف نامہ داخل کیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے ریاستی حکومت سے متاثرہ کے کنبہ کو تحفظ اور وکیل فراہم کرنے کے حوالہ سے جواب طلب کیا تھا۔ ریاستی حکومت نے ان پہلؤں کا جواب دینے کے علاوہ سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ سی بی آئی جانچ کی نگرانی وہ ہی کرے اور جانچ مکمل کرنے کے لئے مدت بھی طے کر دی جائے۔

Published: undefined

گزشتہ ہفتہ ہاتھرس معاملہ پر دائر کی گئی مفاد عامہ کی عرضیوں پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ایس اے بوبڑے کی سربراہی والی بنچ نے حکومت سے تین پہلؤں پر جواب طلب کیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے کنبہ اور گواہان کی سلامتی کے بارے میں پوچھا تھا۔ عدالت نے یہ بھی پوچھا تھا کہ آیا متاثرہ کے کنبہ نے وکیل مقرر کر لیا ہے یا نہیں؟ نیز کیا انہیں اس مسئلہ پر کسی اور مدد کی ضرورت ہے؟ علاوہ ازیں ریاستی حکومت سے مقدمہ کی موجودہ صورت حال کے بارے میں بھی پوچھا گیا تھا۔

Published: undefined

یوپی حکومت نے جواب میں بتایا کہ اس نے متاثرہ کنبہ کے گاؤں اور گھر پر حفاظت کے پورے انتظامات کیے ہیں۔ پولیس اور ریاستی نیم فوجی دستوں کی کئی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ گھر کے باہر پی اے سی کی ایک ٹیم مستقل طور پر قیام کر رہی ہے۔ متاثرہ کے والد، ماں، دو بھائیوں، بھابی اور دادی کو نجی محافظ فراہم کیے گئے ہیں۔ گھر کے باہر فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی مستقل طور پر تعینات کی گئی ہے۔ گھر کے باہری حصہ میں 8 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ ایسا کرتے وقت اس بات کا دھیان رکھا گیا ہے کہ کنبہ کی رازداری کی خلاف ورزی نہ ہو۔ یوپی حکومت نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ متاثرہ کنبہ نے اپنی طرف سے وکیل سیما کشواہا اور راج رتن کو مقرر کیا ہے اور دونوں ان کی طرف سے پیش ہو رہے ہیں۔

Published: undefined

اپنے گزشتہ حلف نامہ میں یوپی حکومت نے اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ وہ متاثرہ کو انصاف دلانے کے تئیں سنجیدہ ہے اور اس کی سفارش کے بعد معاملہ کی جانچ سی بی آئی نے شروع کر دی ہے۔ سپریم کورٹ خود اس جانچ کی نگرانی کرے اور جانچ کی مدت طے کر دی جائے۔ سی بی آئی سے کہا جائے کہ وہ ہر 15 دن میں ریاستی حکومت کو صورت حال سے آگاہ کرائے اور یوپی حکومت یہ رپورٹ سپریم کورٹ میں داخل کرتی رہے گی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined