ہولی کے موقع پر کھڑگے، پرینکا، لالو، ممتا سمیت اپوزیشن رہنماؤں کی عوام کو مبارکباد، محبت اور بھائی چارے کا پیغام

ہولی کے موقع پر کانگریس، ترنمول کانگریس، آر جے ڈی اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے عوام کو مبارکباد دی۔ رہنماؤں نے محبت، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ تہوار منانے کا پیغام دیا

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: رنگوں کا تہوار ہولی ملک بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے محبت، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں لوگ اپنے دوستوں، رشتہ داروں اور پڑوسیوں کے ساتھ مل کر ہولی کی خوشیاں منا رہے ہیں جبکہ سڑکوں، گلیوں اور محلوں میں خوشی اور مسرت کا ماحول نظر آ رہا ہے۔

کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے اپنے ایکس پیغام میں کہا کہ ہولی ہمارے کثیر رنگی اور کثیر الثقافتی سماج کی روح کی عکاسی کرنے والا تہوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار تنوع میں اتحاد، باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی اس روایت کا جشن ہے جو صدیوں سے ہماری تہذیب کی شناخت رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوریوں کو مٹانے والے اس خوشی بھرے موقع پر وہ سبھی کو ہولی کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ لوگوں کی زندگی ہمیشہ خوشیوں کے رنگوں سے بھری رہے۔


کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی ہولی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خوشی، جوش، محبت اور بھائی چارے کے مختلف رنگوں سے سجی اس عظیم تہوار ہولی کی وہ سبھی کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہولی اپنے خاندان، دوستوں اور سماج کے ساتھ محبت اور اپنائیت کے ساتھ ملنے جلنے کا تہوار ہے اور اس موقع پر سب کو گلے لگا کر خوشیاں بانٹنی چاہئیں تاکہ معاشرے میں محبت اور بھائی چارہ مضبوط ہو سکے۔

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے بھی عوام کو ہولی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ رنگوں کا یہ مبارک تہوار ہر گھر کو خوشیوں اور مسرت کے رنگوں سے بھر دے۔

راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد یادو نے بھی ہولی کے موقع پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہولی کا تہوار انسانیت، خدمت اور سماجی ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے تجربات نے انہیں یہ سکھایا ہے کہ انسان کا سب سے سچا رنگ انسانیت کے لیے اس کی وابستگی ہوتا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ اس موقع پر سماج کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کو تازہ کیا جائے اور بھائی چارے، رشتوں اور بہتر مستقبل کے خوابوں کو مضبوط بنایا جائے۔

بہار اسمبلی میں اپوزیشن کے رہنما تیجسوی یادو نے اپنے پیغام میں کہا کہ رنگوں کا یہ تہوار ہمیں یاد دلاتا ہے کہ انسانیت کا رنگ سب سے گہرا اور سب سے خوبصورت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب لوگ ایک دوسرے کو گلال لگائیں تو دلوں کی دوریاں بھی مٹانی چاہئیں اور نفرت کے بجائے محبت اور اتحاد کا پیغام عام کرنا چاہئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔