دبئی: امریکی قونصل خانے کے قریب ڈرون حملہ، پارکنگ میں آگ بھڑک اٹھی، تمام عملہ محفوظ

دبئی میں امریکی قونصل خانے کے قریب ایرانی ڈرون گرنے سے پارکنگ میں آگ لگ گئی۔ حکام کے مطابق تمام عملہ محفوظ ہے اور آگ پر قابو پا لیا گیا۔ واقعے کے بعد ویزا اور قونصلر خدمات عارضی طور پر معطل کر دی گئیں

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

دبئی میں امریکی قونصل خانے کے قریب ایک ایرانی ڈرون گرنے کے بعد پارکنگ کے علاقے میں آگ لگ گئی، جس کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔ حکام کے مطابق واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے اور قونصل خانے کا تمام عملہ محفوظ ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں امریکی سفارتی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے واقعات کے باعث کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ منگل کی دیر رات پیش آیا۔ دبئی میں یہ حملہ ایسے وقت ہوا جب ایک دن قبل کویت اور ریاض میں امریکی سفارتی مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان سلسلہ وار حملوں نے پورے خطے میں عدم استحکام اور تشویش کی فضا کو مزید گہرا کر دیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ڈرون قونصل خانے کی چانسلری عمارت سے متصل پارکنگ کے مقام پر آ گرا جس کے نتیجے میں آگ لگ گئی۔ ان کے مطابق قونصل خانے کے تمام ملازمین محفوظ ہیں اور صورتحال کو قابو میں کر لیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد مقامی رہائشیوں کی جانب سے ریکارڈ کیے گئے ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئے جن میں قونصل خانے کی عمارت کے عقب سے سیاہ دھوئیں کے گھنے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دیے۔ اسی دوران ہنگامی امدادی ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کردی۔


دبئی میڈیا دفتر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی قونصل خانے کے قریب ڈرون سے متعلق واقعے کے بعد لگنے والی آگ پر کامیابی کے ساتھ قابو پا لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ہنگامی خدمات کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور صورتحال کو جلد قابو میں کرلیا گیا۔

بعد میں جاری ایک اور بیان میں دبئی میڈیا دفتر نے قونصل خانے کے باہر تعینات ایک موبائل فائر بریگیڈ گاڑی کی تصاویر بھی جاری کیں اور بتایا کہ آگ مکمل طور پر بجھا دی گئی ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے اور شہر میں صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

اس واقعے کے بعد دبئی میں واقع امریکی قونصل خانے نے 4 مارچ تک تمام ویزا اور قونصلر تقرریاں منسوخ کردی ہیں۔ امریکی حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ قونصل خانے کے اطراف غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کیونکہ خطے میں جاری حملوں کے سبب کشیدگی برقرار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔