قومی خبریں

مذہبی نفرت پر کھڑی حکومت ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہے: مولانا ارشد مدنی

مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ ملک میں نفرت پر مبنی سیاست سے حالات بدترین ہو چکے ہیں۔ وقف قانون میں مداخلت اور مذہبی بنیادوں پر تقسیم حکومت کی تباہ کن پالیسی کا حصہ ہے

<div class="paragraphs"><p>مولانا ارشد مدنی / تصویر پریس ریلیز</p></div>

مولانا ارشد مدنی / تصویر پریس ریلیز

 

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے آج یہاں دو روزہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی 85 سالہ زندگی میں ملک کے حالات کو کبھی اتنا خراب نہیں پایا جتنا آج ہیں۔ مولانا ارشد مدنی جمعۃ علما ہند کی عاملہ کمیٹی کے دو روزہ اجلاس کے اختتام کے بعد دہلی میں جمعۃ کے ہیڈکوارٹر 'مدنی ہال' میں منعقدہ ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ دریں اثنا، انہوں نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ اقتدار نفرت کی بنیاد پر قائم ہے اور اس کا واحد مقصد مذہبی بنیادوں پر عوام کو بانٹ کر اقتدار میں بنے رہنا ہے۔

Published: undefined

مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ حکومت کا طرزِ عمل ملک کے لیے خطرناک ہے کیونکہ وہ عوامی فلاح، روزگار، کاروبار یا امن و سکون کی فکر کیے بغیر صرف نفرت کو ہوا دے رہی ہے۔ ان کے مطابق، اب نہ صرف مسلمان بلکہ دیگر برادریوں کے لوگ بھی اس صورتحال سے پریشان اور دکھی ہیں۔ ہر مسئلے کو مذہب سے جوڑنا اور اس کے ذریعے سیاست چمکانا موجودہ دور کی حکمت عملی بن چکی ہے۔

Published: undefined

پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملے پر بات کرتے ہوئے مولانا مدنی نے کہا کہ کسی بھی بے گناہ کا قتل انسانیت کے خلاف ہے اور ایسا کرنے والے انسان نہیں کہلائے جا سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر واقعی کسی دہشت گرد کے گھر پر بلڈوزر چلایا گیا ہو تو انہیں کوئی اعتراض نہیں لیکن اگر صرف شک کی بنیاد پر کسی بے قصور کا گھر گرایا گیا ہو تو یہ سراسر ناانصافی ہے اور کوئی بھی انصاف پسند انسان اسے درست نہیں مان سکتا۔

Published: undefined

وقف قانون میں ترمیم پر مولانا مدنی نے اسے مذہبی معاملات میں کھلی مداخلت قرار دیا۔ ان کے مطابق، حکومت وقف جائیدادوں پر قبضہ کرنا چاہتی ہے اور اسی مقصد سے قانون میں تبدیلی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہم سڑکوں پر اترنے کو مناسب نہیں سمجھتے لیکن پرامن احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعۃ علماء ہند نے تین بڑے اجتماعات منعقد کیے، جن میں لاکھوں افراد شریک ہوئے مگر کوئی بدامنی نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری لڑائی کسی شخص یا عوام سے نہیں بلکہ حکومت کی ان پالیسیوں سے ہے جو ہمارے مذہبی اور آئینی حقوق پر حملہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے بابری مسجد کے معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے اکابرین نے کبھی سڑکوں پر نہیں اترے بلکہ قانونی لڑائی لڑی، اور اگرچہ مسجد کا فیصلہ ہمارے خلاف گیا، عدالت نے یہ تسلیم کیا کہ مسجد مندر کو توڑ کر نہیں بنائی گئی تھی۔

Published: undefined

سپریم کورٹ میں حکومت کی طرف سے دیے گئے حلف نامے کو مولانا مدنی نے جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیا۔ ان کے مطابق، ہمیں عدلیہ پر بھروسہ ہے اور امید ہے کہ فیصلہ انصاف پر مبنی ہوگا۔

آخر میں مولانا مدنی نے اس تاثر کی سختی سے تردید کی کہ اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک پرامن اور انصاف پسند مذہب ہے، جس میں بے گناہوں کے قتل کی سخت سزا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج دنیا میں اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined