مہاراشٹر کی پہلی خاتون نائب وزیر اعلیٰ بنیں گی سنیترا پوار، کل شام کو ہوگی حلف برداری!
اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار نے 2024 میں سیاست میں قدم رکھا اور بارامتی سے لوک سبھا انتخاب میں اپنی قمست آزمائی، لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد انہیں جون 2024 کو راجیہ سبھا بھیجا گیا۔

این سی پی کے آنجہانی رہنما اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار مہاراشٹر کی اگلی نائب وزیر اعلیٰ ہوں گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز وہ نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لے سکتی ہیں۔ بدھ کو بارامتی میں طیارہ حادثہ میں اجیت پوار کے انتقال کے بعد ان کی وراثت کو آگے بڑھانے والے جانشین کی تلاش چل رہی تھی۔ جمعہ کو این سی پی لیڈران کی میٹنگ میں سنیترا پوار کو نائب وزیر اعلیٰ بنائے جانے کی تجویز پیش کی گئی۔ پارٹی لیڈران کے ذریعہ زور دیے جانے کے بعد سنیترا نے اس عہدہ پر فائز ہونے سے متعلق اپنی رضامندی ظاہر کر دی۔ ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ پر شائع خبر کے مطابق سنیترا پوار ہفتہ کی شام مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدہ کا حلف لیں گی۔ میٹنگ کے بعد بتایا گیا کہ ہفتہ کی دوپہر 2 بجے اسمبلی میں این سی پی اراکین اسمبلی کی میٹنگ ہوگی۔ اس کے بعد شام کو سنیترا پوار کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی۔
ہفتہ کو ہونے والی حلف برداری تقریب کے لیے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے اعلیٰ رہنماؤں کی ایمرجنسی میٹنگ جمعہ کو ہوئی۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہوئی اس اہم میٹنگ میں این سی پی لیڈر سنیل تٹکرے، پرفل پٹیل اور سنیترا پوار نے تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ میں سنیترا پوار کو نائب وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے کہا گیا، جس کے بعد انہوں نے اپنی رضامندی ظاہر کر دی۔ مہاراشٹر این سی پی کے چیف سنیل تٹکرے نے کہا کہ ’’میں نے کل دوپہر 2 بجے این سی پی کی میٹنگ بلائی ہے۔ اس میٹنگ میں پارٹی کے تمام اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمنٹ موجود رہیں گے۔‘‘
سنیل تٹکرے کے مطابق کل کی میٹنگ میں ہم سنیترا پوار کے ساتھ بات چیت کریں گے اور آگے کی حکمت عملی پر فیصلہ لیا جائے گا۔ میٹنگ میں جو بھی فیصلہ ہوگا، اس کے بعد نائب وزیر اعلیٰ کے عہدہ کے لیے نام وزیر اعلیٰ کو بھیجا جائے گا۔ ہمیں امید ہے کہ سنیترا پوار کل کی میٹنگ میں شامل ہوں گی۔ دوسری جانب مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا کہ ’’این سی پی جو بھی فیصلہ لے گی ہمیں منظور ہے۔ خواہ وہ اجیت پوار جی کی فیملی ہو یا این سی پی ہو، ہم سرکار کے طور پر اور بی جے پی کے طور پر ان کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار نے 2024 میں سیاست میں قدم رکھا اور بارامتی سے لوک سبھا انتخاب میں اپنی قمست آزمائی، لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لوک سبھا انتخاب میں شکست کے بعد انہیں راجیہ سبھا بھیجا گیا، جون 2024 سے وہ راجیہ سبھا رکن ہیں۔ انہوں نے بارامتی اور کاٹھے واڑی میں صفائی اور خواتین کی فلاح و بہبود کے اقدامات کی بھی قیادت کی۔