قومی خبریں

گجرات: 20 روپے کی رشوت کے معاملے میں 30 سال بعد بری ہونے والے کانسٹیبل کی اگلے ہی روز موت

گجرات ہائی کورٹ نے 4 فروری کو احمد آباد کے ویزلپور کے کانسٹیبل بابو بھائی پرجاپتی کو انسداد کرپشن ایکٹ کے تحت بدعنوانی کے الزامات سے بری کر دیا تھا۔

عدالت، علامتی تصویر
عدالت، علامتی تصویر 

گجرات کے احمد آباد سے ایک انتہائی حیران کن خبر سامنے آئی ہے۔ جہاں ایک پولیس کانسٹیبل کی محض 20 روپے رشوت کے معاملے میں بری ہونے کے ایک روز بعد ہی موت ہو گئی۔ کانسٹیبل پر تقریباً 30 سال سے رشوت کا مقدمہ چل رہا تھا اور جب وہ اس سے بری ہوئے تو اگلے ہی روز موت نے انہیں اپنی آغوش میں لے لیا۔ دراصل گجرات ہائی کورٹ نے 4 فروری کو احمد آباد کے ویزلپور کے کانسٹیبل بابو بھائی پرجاپتی کو انسداد کرپشن ایکٹ کے تحت بدعنوانی کے الزامات سے بری کر دیا تھا۔ اس فیصلے سے آخرکار وہ داغ مٹ گیا جو دہائیوں سے ان کے دامن پر لگا ہوا تھا۔ بری ہونے کے بعد وہ اپنے وکیل کے پاس گئے اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

Published: undefined

ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ پر شائع خبر کے مطابق فیصلے کے بعد پرجاپتی مبینہ طور پر اپنے وکیل کے دفتر گئے، جہاں انہوں نے جذباتی ہو کر آخرکار بری ہونے پر راحت کا اظہار کیا۔ ایڈووکیٹ نتن گاندھی کے مطابق کانسٹیبل نے کہا کہ ’’میری زندگی کا کلنک مٹ گیا ہے، اب میں چاہتا ہوں کہ مجھے موکش (نجات) مل جائے۔‘‘ وکیل نے انہیں سرکاری مراعات کے لیے درخواست دینے کا مشورہ دیا، جو مقدمہ کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ بات چیت وکیل کے آفس میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہو گئی تھی۔ گھر لوٹنے کے بعد اگلے ہی روز پرجاپتی کی قدرتی وجوہات کی بنا پر موت ہو گئی۔

Published: undefined

واضح رہے کہ پرجاپتی پر 1996 میں 20 روپے کی رشوت لینے کا الزام تھا۔ 1997 میں احمدآباد کی سیشن کورٹ میں چارج شیٹ داخل کی گئی، جبکہ 2002 میں الزام طے کیے گئے۔ ٹرائل 2003 میں شروع ہوا اور 2004 میں سیشن کورٹ نے انہیں قصوروار ٹھہرایا اور انہیں 4 سال قید کے ساتھ 3 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ پرجاپتی نے سزا کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا اور 30 سال بعد انہیں باعزت بری کر دیا گیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined