قومی خبریں

12ویں پاس نوجوانوں کے لیے سرکاری ملازمت پانے کا سنہرا موقع

نوجوانوں کو سرکاری ملازمت کیلئے بیدار کرنے والے ماسٹر شمس الدین نے دہلی سمیت ملک کے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امیدوار اگر محنت و لگن سے تیاری کریں تو آسانی سے صاحب روزگار بن سکتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ڈی ایس ایس ایس بی، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

ڈی ایس ایس ایس بی، تصویر سوشل میڈیا

 

نئی دہلی: مہنگائی و بے روزگاری کے اس دور میں اچھی ملازمت ملنا کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ موجودہ دور میں مختلف کورسز کی ڈگریاں لئے ہوئے نوجوان ملازمت کی تلاش میں در بدر کی ٹھوکریں کھاتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ اس کے باوجود ان کو ملازمت یا کام بہ مشکل مل پاتا ہے۔ ہندوستان جیسے ملک میں ان دنوں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد بے روزگار ہے جس کی بنیادی وجہ ایک تو عالمی وبا کورونا وائرس رہی جس نے معاشی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا اور ہر کس و ناکس کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ وبا کی تباہ کاریوں سے ابھی تک لوگ سنبھلے نہیں ہیں۔ دوسری وجہ، اکثر نوجوان نوکری تو کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ زیادہ پیسے کی تلاش میں رہتے ہیں۔ ان کے اس نظریہ سے نہ تو ان کو اچھی خاصی تنخواہ والی نوکری مل پاتی ہے اور نہ ہی وہ کم تنخواہ والی نوکری کرتے ہیں۔ نتیجہ کار وہ بے روزگار پھرتے ہیں۔

Published: undefined

بہرکیف بے روزگاری کے دور میں 12ویں پاس نوجوانوں کیلئے سرکاری ملازمت پانے کا ایک بہترین موقع آیا ہے۔ دہلی سب آرڈینیٹ سروسز سلیکشن بورڈ (ڈی ایس ایس ایس بی) نے جیل وارڈر اور پی جی ٹی ٹیچر سمیت 2119 آسامیوں پر بھرتی کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ جیل وارڈر کے لیے 1676 اسامیاں نکالی گئی ہیں جن کے لیے 12ویں پاس امیدوار درخواست دے سکتے ہیں۔ دہلی سب آرڈینیٹ سروسز سلیکشن بورڈ کے نوٹفیکشن کے مطابق ان آسامیوں کے لیے آن لائن درخواستیں 8 جولائی 2025 سے شروع ہو گئی ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے اور اہل امیدوار 07 اگست 2025 تک dsssbonline.nic.in پر جا کر درخواست دے سکتے ہیں۔ اس بھرتی میں 680 آسامیاں غیر مختص ہیں۔ 452 او بی سی، 252 ایس سی، 152 ایس ٹی اور 168 ای ڈبلیو ایس زمرے کے لیے مختص ہیں۔

Published: undefined

نوجوانوں کو سرکاری ملازمت کیلئے تیار اور بیدار کرنے والے ماسٹر شمس الدین نے نمائدہ سے بات چیت میں کہا کہ دہلی سب آرڈینیٹ سروسز سلیکشن بورڈ کی جانب سے جیل وارڈر فار مین اور پی جی ٹی ٹیچر سمیت 2119 آسامیوں پر بھرتی کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، جس میں جیل وارڈر مردوں کے لیے 1676 اسامیاں نکالی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 12ویں پاس نوجوانوں کو اس نوکری میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں ایپلائی کرنا چاہئے۔ چونکہ اس عمر میں جسم میں طاقت ہوتی ہے اور اچھی بات یہ ہے کہ زندگی کا زیادہ وقت نہ ضائع کرتے ہوئے آپ سرکاری نوکری حاصل کر سکتے ہیں۔

Published: undefined

شمس الدین نے بتایا کہ اس ملازمت کیلئے عمر کی حد 18 سے 27 سال ہے۔ تاہم او بی سی زمرے میں آنے والے امیدواروں کو 3 سال اور ایس سی، ایس ٹی زمرے میں آنے والے امیدواروں کو 5 سال کی راحت دی جائے گی۔ اس ملازمت کیلئے تحریری امتحان کے علاوہ لمبائی 170 سینٹی میٹر ہونا ضروری ہے۔ سینہ 81 تا 85 سینٹی میٹر، اور 6 منٹ میں 1600 میٹر دوڑ لگانی ہوگی۔ علاوہ ازیں لانگ جمپ میں 13 فٹ جس میں 3 بار موقع دیا جائے گا، ہائی جمپ 3 فٹ 9 انچ اس میں بھی 3 بار موقع امیدواروں کو ملے گا۔ ماسٹر شمس الدین نے دہلی سمیت ملک کے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امیدوار اگر محنت و لگن سے تیاری کریں تو آسانی سے یہ امتحان پاس کر سکتے ہیں اور صاحب روزگار بن سکتے ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined