راہل گاندھی کے حوالے سے حکمراں کے رویئے پر اپوزیشن رہنما برہم، بی جے پی حکومت کو بنایا نشانہ
ادت راج نے کہا کہ اس سے پہلے بھی تقریباً 100 ممبران پارلیمنٹ کو معطل کیا جا چکا ہے۔ اس سے واضح ہے کہ اپوزیشن کو اپنی بات رکھنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ یہ معطلی سراسر غلط ہے، جمہوریت خطرے میں ہے۔

پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس سےاپوزیشن کے 8 ارکان پارلیمنٹ کی معطلی پر کانگریس لیڈر ادت راج نے کہا کہ اپوزیشن کو ایوان کے اندر بولنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ بی جے پی میں کس قسم کا تحمل ہے۔ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو 45-46 منٹ تک بولنے نہیں دیا گیا۔ انہیں دو جملے بھی نہیں بولنے دیئے گئے جبکہ وہ صرف 5 جملے بولنا چاہتے تھے جس میں ایک منٹ بھی نہیں لگتا۔
ادت راج نے کہا کہ اس سے پہلے بھی تقریباً 100 ممبران پارلیمنٹ کو معطل کیا جا چکا ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اپوزیشن کو اپنی بات رکھنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ یہ معطلی سراسر غلط ہے، جمہوریت خطرے میں ہے، ملک کی سلامتی بھی خطرے میں ہے اور ہماری پوزیشن کافی حد تک کمزور ہو چکی ہے۔
اسی دوران شیو سینا (یو بی ٹی) ایم پی پرینکا چترویدی نے کہا کہ کیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ پہلے اپوزیشن لیڈر کو بولنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ یہ کہا گیا کہ وہ کسی کتاب سے حوالہ نہیں دے سکتے۔ اپوزیشن کی آواز کو دبایا جا رہا ہے اور ایوان کو بار بار ملتوی کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے شکریہ کی تحریک پر بولنے کی زحمت نہیں کی۔ حکمران اور اپوزیشن ایک دوسرے سے بات نہیں کر رہے ہیں۔ اس کا نقصان ملک کے عوام کو ہورہاہے۔ دونوں فریقوں کو اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا چاہیے۔ آج ایوان کی تاریخ کا انتہائی افسوسناک دن رہا۔
لوک سبھا میں اپوزیشن راہل گاندھی اور مرکزی وزیر رونیت سنگھ بٹو کے درمیان ہوئی نوک جھونک کو لے کر ایس پی ایم پی رام جی لال سمن نے کہا کہ بی جے پی اب تناؤ پیدا کررہی ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ راہل گاندھی اور رونیت سنگھ بٹو کے درمیان کیا بات چیت ہوئی لیکن ان کے درمیان جو بھی ہوا ہے، اسے ذات یا مذہب کا رُخ نہیں دینا چاہیے۔
کانگریس لیڈر بھائی جگتاپ نے کہا کہ راہل گاندھی نے سچائی بیان کی ہے۔ رونیت سنگھ بٹو کو سیاسی پہچان کانگریس نے دی،3 بار کانگریس کے ٹکٹ پر وہ منتخب ہوئے تھے اور تب ہی انہیں پہچان ملی۔ ورنہ اس سے پہلے انہیں کون جانتا تھا؟ اس وقت تعلقات بہت اچھے تھے، ہم جیسےایک دوسرے کو مخاطب کرتے ہیں۔ اگر راہل گاندھی نے کہاکہ ’مائی ٹریٹر فرینڈ‘ (میرے غدار دوست) تو وہ ’غدار‘ بھی کہہ سکتے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔