قومی خبریں

ہر انسان اللہ کی بارگاہ کا فقیر ہے، دُعا ہر مشکل کا حل ہے: مولانا بلگرامی

مولانا بلگرامی نے کہا اگر بظاہر دعاء کے مقبول ہونے کی کوئی علامت ظاہر نہ ہو رہی ہو تب بھی انسان کو اللہ کی رحمت سے مایوس نہیں ہونا چاہئے، کیونکہ اللہ اپنی رحمت سے مایوس ہونے والوں سے ناراض ہو جاتا ہے۔

مولانا انیس احمد آزاد قاسمی بلگرامی
مولانا انیس احمد آزاد قاسمی بلگرامی تصویر محمد تسلیم

نئی دہلی: مشرقی دہلی کی عیدگاہ جعفرآباد ویلکم میں 23ویں پندرہ روزہ اجلاس سیرت مصطفےٰؐ کی چودھویں نشست سید فراق حسین کی صدارت میں منعقد ہوئی جبکہ نظامت کے فرائض مولانا محمد طاہر قاسمی نے انجام دیئے۔ اجلاس کا آغازحافظ محمد طلحہ سلمہ کی تلاوت اورعبد الکریم کی نعت سے ہوا۔ پندرہ روزہ اجلاس سیرت مصطفےٰؐ کے واحد خطیب معروف عالم دین مفسر قرآن مولانا انیس احمد آزاد قاسمی بلگرامی نقشبندی مجددی نے دعا کی اہمیت اور اس کے آداب کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے قرآن کی ایک آیت کے حوالے سے بتایا کہ ہر انسان اللہ کی بارگاہ کا فقیر ہے اس لیے ہر انسان کو چاہئے کہ وہ اپنی ہر ضرورت کی تکمیل کے لیے اللہ ہی سے دعا مانگے۔

Published: undefined

مولانا بلگرامی نے کہا جب ہر انسان اللہ کی بارگاہ کا فقیر ہے تو فقیر مانگتا ہوا اچھا لگتا ہے جو نہ مانگے وہ فقیر کیسا؟ انہوں ایک حدیث کے حوالے سے بتایا کہ اسلام میں دعاء کی اہمیت کا یہ عالم ہے کہ رسول اللہؐ نے دعاء کو عبادت قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایک اور حدیث کے حوالے سے بتایا کہ جو شخص اللہ سے مانگتا نہیں ہے اللہ اس سے ناراض ہو جاتا ہے۔ مولانا بلگرامی نے بتایا کہ دعاء کے مقبول ہونے کے تین معیار ہیں اول یہ کہ جو مانگا وہی مل گیا، دوسرے یہ کہ جو مانگا تھا وہ تو نہ ملا لیکن اس کا نعم البدل مل گیا، تیسرے یہ کہ جو مانگا وہ بھی نہیں ملا اور دنیا میں اس کا کوئی نعم البدل بھی نہیں ملا، تو ایسی دعاؤں کا بہت بڑا بدلہ میدان محشر میں ملے گا۔

Published: undefined

مولانا بلگرامی نے کہا اگر بظاہر دعاء کے مقبول ہونے کی کوئی علامت ظاہر نہ بھی ہو رہی ہو تب بھی انسان کو اللہ کی رحمت سے مایوس نہیں ہونا چاہئے، کیونکہ اللہ اپنی رحمت سے مایوس ہونے والوں سے ناراض ہو جاتا ہے۔ انہوں نے ایک حدیث کے حوالے سے عوام الناس کو آگاہ کرتے ہوئے کہا اگر کبھی آپ کو وہ نہ ملے جو مانگا تھا تو کبھی بھی یہ نہ کہنا کہ میں نے فلاں دعا مانگی تھی لیکن اللہ نے میری وہ دعا قبول نہیں کی، کیونکہ جن کی زبانوں پر یہ شکوہ آ جاتا ہے تو ان کی دعاؤں کے مقبول ہونے کے دروازے بند ہو جاتے ہیں۔

Published: undefined

مولانا بلگرامی نے صحیح بخاری کے حوالے سے بنی اسرائیل کے ان تین لوگوں کا قصہ سنایا جو ایک غار میں پھنس گئے تھے اور انہوں نے اپنے نیک اعمال کا واسطہ دے کر اللہ سے دعا کی تھی تو اللہ نے ان کی دعاء قبول فرمائی اور غار کے دہانے سے وہ چٹان ہٹ گئی تھی۔  مولانا بلگرامی نے کہا دعاؤں میں اللہ نے بڑی تاثیر رکھی ہے، کسی بھی چیز کو حاصل کرنے کے لیے اس کے کتنے ہی اسباب اپنے پاس کیوں نہ ہوں پھر بھی پہلے اللہ ہی سے وہ چیز مانگنا چاہئے پھر اسباب کو اختیار کرنا چاہئے۔

Published: undefined

اجلاس میں مولانا محمد اسعد، مولانا انیق اختر، مولانا التمش، حاجی اقبال احمد، حاجی محمد لئیق، حاجی محمد ناصر، حاجی محمد سرور، حاجی جاوید، حاجی محمد یاسین، محمد سلمان آزاد، حاجی محمد ادریس، حافظ مشتاق کے علاوہ بڑی تعداد میں سامعین نے شرکت کی۔ رات دیر گئے مولانا بلگرامی کی دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined