اجیت پوار کی موت پر این سی پی کا سوال- ’کاغذ نہیں جلے، لاشیں جل گئیں‘، سی بی آئی جانچ کا مطالبہ

مہاراشٹر کے سینئر لیڈر اجیت پوار کی ہوائی جہاز حادثے میں موت کے بعد این سی پی لیڈر امول مٹکری نے سوال اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آخری لمحات میں روٹ اور پائلٹ بدلے، کاغذ نہیں جلے لیکن لاشیں جل گئیں

<div class="paragraphs"><p>اجیت پوار کی آخری رسومات کا منظر / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹرکی سیاست ان دنوں زبردست اُتھل پُتھل کا شکارہے۔ وجہ یہ ہے کہ گزشتہ منگل کو بزرگ رہنما اجیت پوار کی ایک المناک ہوائی حادثے میں جان چلی گئی۔ بارامتی میں انتخابی پروگرام میں شامل ہونے آئے اجیت پوار کا طیارہ لینڈنگ سے پہلے کریش ہوگیا۔ اس حادثے نے ریاست کو سوگوار کردیا ہے۔ ایسے حالات میں سوال اور جواب کی سیاست کے بعد اب الزامات اورجوابی الزامات کا سیاسی تبادلہ بھی شروع ہوتا نظرآرہا ہے۔

اجیت پوارکی موت کے بعد ان کے قریبی سمجھے جانے والے این سی پی ایم ایل اے امول مٹکری نے ایک اہم بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے پہلے حادثے پر تشویش کا اظہار کیا اور پھرسی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے ممتاز لیڈر اجیت دادا اب ہمارے درمیان نہیں رہے۔ حال ہی میں ضلع پریشد کے انتخابات ہوئے تھے اور وہ انتخابی مہم کے لیے بارامتی آرہے تھے۔


اجیت پوار کی موت سے جہاں ایک طرف ریاست بھر میں غم کا ماحول ہے وہیں دوسری طرف مٹکری نے حادثے پر سخت سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجیت پوار کے سفر کے آخری لمحات کے دوران اچانک روٹ بدل گیا۔ پائلٹ بھی اچانک تبدیل کر دیا گیا۔ مٹکری نے سوال کیا کہ کاغذ کا ایک ٹکڑا بھی نہیں جلا لیکن لاشیں جل گئیں۔ اس سے کچھ سوالات اور شکوک پیدا ہوتے ہیں۔

مٹکری نے مزید کہا کہ انہوں نے مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس سے درخواست کی ہے کہ وہ سی بی آئی تحقیقات کا حکم دے کر انصاف کو یقینی بنائیں۔ مٹکری نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سی بی آئی تحقیقات کرائی جائے گی۔ مٹکری نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ نے ذاتی طور پر یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اگلے ہفتے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کریں گے تاکہ معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کو یقینی بنایا جا سکے۔


غور طلب ہے کہ منگل( 28 جنوری) کا وہ دن جب صبح مہاراشٹر کے بارامتی میں ہوائی جہاز کے حادثے نے ملک کی سیاست اور پوار خاندان کو گہرے سوگ میں مبتلا کردیا۔ اس حادثے میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی موت کی خبر پھیلتے ہی ریاست بھر کا ماحول سوگوار ہو گیا۔ حادثے میں اجیت پوار سمیت پائلٹ کیپٹن سمیت کپور، شریک پائلٹ کیپٹن شمبھاوی پاٹھک، ان کے پرسنل سیکیورٹی آفیسر (پی ایس او) ودیپ جادھو اور فلائٹ اٹینڈنٹ پنکی مالی کی موت ہوگئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔