اجیت کی موت غم کا پہاڑ جیسا مگر خدمت کا عزم قائم ہے: نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار کا پہلا جذباتی ردعمل
سنیترا پوار نے عہد کیا کہ وہ ایمانداری اور انتھک محنت کے ساتھ ایک منصفانہ، مساوات پر مبنی اور ترقی یافتہ مہاراشٹر کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے کام کرتی رہیں گی۔

مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار نے ہفتہ کے روز حلف لینے کے بعد اپنے پہلے ردعمل میں اپنے شوہر اور ریاست کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی طیارہ حادثہ میں اچانک موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اجیت دادا کی موت ان کے دل پر غم کا پہاڑ بن کر ٹوٹی ہے، تاہم انہوں نے عوام کی خدمت میں ان کی سیاسی وراثت کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
حلف کے بعد اپنے پہلے بیان میں، جو انہوں نے مراٹھی زبان میں سوشل میڈیا کے ذریعہ جاری کیا، سنیترا پوار نے لکھا کہ اجیت دادا نے پوری زندگی کسانوں، مزدوروں، خواتین، نوجوانوں اور محروم طبقات کے لیے وقف کر دینے کا منتر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’شیو،شاہو،پھولے،امبیڈکر‘‘ کے اصولوں سے غیر متزلزل وفاداری کے ساتھ، انہی خیالات کی وراثت کو آگے بڑھاتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری قبول کرتے وقت ان کا دل جذبات سے لبریز ہے۔
انہوں نے اپنے جذباتی پیغام میں مزید کہا کہ اگرچہ اجیت دادا کی اچانک موت نے ان کے دل پر غم کا پہاڑ گرا دیا ہے، لیکن فرض شناسی، جدوجہد کی طاقت اور عوام کے ساتھ مضبوط رشتہ ہی وہ اصل سہارا ہے جو انہوں نے اجیت پوار سے سیکھا۔
سنیترا پوار نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں مہاراشٹر کے عوام کی محبت اور حمایت ان کی سب سے بڑی قوت بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے عہد کیا کہ وہ ایمانداری اور انتھک محنت کے ساتھ ایک منصفانہ، مساوات پر مبنی اور ترقی یافتہ مہاراشٹر کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے کام کرتی رہیں گی، اور عوام کے اعتماد کی طاقت کے ساتھ اجیت دادا کے نظریات کو روشن کرتی ہوئی آگے بڑھتی رہیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔