’جنت ماں کے قدموں کے نیچے، اور باپ جنت کا بہترین دروازہ‘ والدین اور اولاد کے حقوق موضوع پر مولانا آزاد بلگرامی کا خطاب

مولانا بلگرامی نے کہا کہ اولاد کا والدین پر یہ حق ہے کہ وہ اس کا اچھا اور با معنی نام رکھیں، اس کے ایک کان میں اذان اور دوسرے کان میں اقامت کہیں، کسی بزرگ سے تحنیک کرائیں، گنجائش ہو تو عقیقہ کریں۔

اجلاس سیرتِ مصطفیٰ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا آزاد بلگرامی
اجلاس سیرتِ مصطفیٰ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا آزاد بلگرامی
user

محمد تسلیم

نئی دہلی: عیدگاہ جعفر آباد ویلکم میں تیئسویں 15 روزہ اجلاس سیرت مصطفےٰ کی گیارہویں نشست حاجی جاوید کی صدارت میں منعقد ہوئی جبکہ نظامت کے فرائض مولانا محمد طاہر قاسمی نے انجام دیے۔ اجلاس کا آغاز شیخ احمد جمیل مدنی کی تلاوت اورعبدالکریم کی نعت سے ہوا۔ 15 روزہ اجلاس سیرت مصطفےٰ کے واحد خطیب معروف عالم دین مفسر قرآن مولانا انیس احمد آزاد قاسمی بلگرامی نقشبندی مجددی نے والدین اور اولاد کے حقوق کے موضوع پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اچھی اور عمدہ کاشت کے لیے ہر کسان زمین اور عمدہ بیج کا انتخاب کرتا ہے۔ یہ ممکن نہیں کہ خراب بیج سے کوئی بہتر اور عمدہ ثمر برآمد ہو سکے۔ اسی طرح اگر بیج اچھا ہے مگر زمین کی قوت رویدگی متاثر ہے تو اس صورت میں بھی اچے ثمرات کی توقع نہیں کی جا سکتی۔

مولانا بلگرامی نے قرآن کی ایک آیت کے حوالے سے بتایا کہ اللہ کا فرمان ہے کہ تمہاری بیویاں کھیتیاں ہیں۔ انہوں نے ایک حدیث کے حوالے سے بتایا کہ انسان اپنے لیے شریک حیات کے انتخاب میں عام طور پر چار چیزوں میں سے کسی ایک چیز کو ملحوظ رکھتا ہے۔ یا تو حسن و جمال ملحوظ نظر ہوتا ہے، یا مال ملحوظ نظر رکھتا ہے، یا حسب نسب کی بنیاد پر نکاح کرتا ہے، یا وہ دینداری کو ملحوظ رکھتا ہے۔ نبی نے دینداری کو ترجیح دینے کی ترغیب دی ہے تاکہ اچھی زمین سے اچھی اولاد فراہم ہو۔


مولانا بلگرامی نے ایک اور حدیث کے حوالے سے شوہر کے انتخاب میں بھی دینداری کو ملحوظ رکھنے کی تلقین ثابت کی، یعنی جب مرد و عورت دونوں دیندار ہوں گے تو ان کے جذبات کی ترجمانی نیک اولاد کی شکل میں ہو کر رہے گی۔ مولانا بلگرامی نے کہا کہ شہوانی خواہشات تو جانور بھی پوری کرتے ہیں مگر انسان چونکہ اشرف المخلوقات ہے اس لیے اس کے فرائض میں یہ بات بھی شامل ہے کہ وہ معاشرہ کو اچھے افراد اور سماج کو بہترین لوگ فراہم کرے اور یہ تبھی ممکن ہے جب میاں بیوی دونوں مل کر اپنی اولاد کو نیک اور صالح بنانے کی فکر کریں گے۔

مولانا بلگرامی نے کہا کہ اولاد کا والدین پر یہ حق ہے کہ وہ اس کا اچھا اور با معنی نام رکھیں۔ اس کے ایک کان میں اذان اور دوسرے کان میں اقامت کہیں۔ کسی بزرگ سے تحنیک کرائیں۔ گنجائش ہو تو عقیقہ کریں۔ مولانا بلگرامی نے اولاد کے حقوق بیان کرتے ہوئے کہا کہ والدین کے ذمے لازم ہے کہ وہ اپنی اولاد کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ علوم شرعیہ اور علوم عصریہ سے انہیں مالامال کریں۔ مولانا بلگرامی نے والدین کے حقوق پر روشنی ڈالتے ہوئے قرآن مجید کی متعدد آیتوں کے حوالے سے بتایا کہ اللہ نے اپنی عبادت کا حکم دینے کے فوراً بعد والدین کے ساتھ حسن سلوک کرنے کا حکم دیا کیونکہ بلاشبہ خالق حقیقی اللہ ہی ہے مگر ایک انسان کے دنیا میں آنے کے لیے بنیادی سبب والدین ہی ہوتے ہیں۔


مولانا بلگرامی نے ایک حدیث کے حوالے سے بتایا کہ ماں کے قدموں تلے جنت ہے اور باپ جنت کا سب سے بہتر دروازہ ہے۔ انہوں نے ایک اور حدیث کے حوالے سے بتایا کہ اللہ کی رضا ماں باپ کی رضا میں پوشیدہ ہے اور اللہ کی ناراضگی ماں باپ کی ناراضگی میں پوشیدہ ہے۔ مولانا بلگرامی نے قرآن کی ایک آیت کے حوالے سے بتایا کہ ماں باپ کے سامنے اُف کہنے کی بھی اجازت نہیں ہے اور نہ ہی انہیں جھڑکنے کی اجازت ہے۔ اولاد کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے والدین کے حق میں اپنے رب سے دعا گو رہے کہ اے ہمارے رب جس طرح ہمارے والدین نے ہمارے بچپن میں ہماری پرورش کی ہے اسی طرح ان پر رحم فرما۔

اس اجلاس میں مولانا محمد اسعد، مولانا انیق اختر، مولانا افتخار نعمانی، حاجی اقبال احمد، حاجی محمد غالب انصاری، حاجی محمد ناصر، حاجی محمد یاسین، سید فراق حسین، محمد سلمان آزاد، محمد عدنان آزاد، حاجی محمد ادریس، نعمان احمد، نعیم احمد نے شر کت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔