
علامتی تصویر، اے آئی
مدھیہ پردیش کے اندور میں آلودہ پانی سے ہوئیں اموات نے ریاستی حکومت کے دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ اندور کے بھگیرتھ پورہ میں پیش آئے واقعہ کے بعد کئی علاقوں میں آلودہ پانی کی شکایتیں سامنے آئیں، جس نے اپوزیشن پارٹیوں کو بی جے پی حکومت پر حملہ کرنے کا خوب موقع فراہم کیا۔ اب ایک ایسی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس نے مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت کو کٹہرے میں ہی کھڑا کر دیا ہے۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ جب ایک شخص وارڈ دفتر میں نالی کے پانی کی جانچ کرانے پہنچا، تو اسے جو رپورٹ ملی وہ حیرت انگیز تھی۔ اس نالی کے پانی کو ’صاف‘ بتایا گیا تھا۔
Published: undefined
یہ ویڈیو ’دینک بھاسکر‘ کی ہے جسے کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی ہے۔ اس ویڈیو میں میڈیا اہلکار کو نالی سے گندہ پانی بھرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ وہ اسے مختلف وارڈ دفاتر میں جانچ کرانے پہنچتا ہے، اور سبھی جگہ پانی کو ’صاف‘ بتایا جاتا ہے۔ ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ پانی کی جانچ کسی وارڈ دفتر میں ’ٹائم کیپر‘ کرتا ہے اور کہیں چپراسی۔ پانی کی یہ جانچ 5 وارڈ دفاتر میں کرائے جانے کی بات کہی گئی ہے، اور سبھی جگہ اس کو ’کلین چٹ‘ ملنا حیران کرتا ہے۔ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا ہے ’’مدھیہ پردیش میں ’نالے کے پانی‘ کو ’کلین چٹ‘۔ حیران مت ہوں، یہ حقیقت ہے۔‘‘
Published: undefined
سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے بی جے پی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’مدھیہ پردیش میں سرکاری ملازمین نے نالے کے پانی کو ٹیسٹنگ کے بعد ’صاف‘ بتا دیا۔ جس ریاست میں آلودہ پانی اب تک 30 لوگوں کی جان لے چکا ہے، وہاں ایسی لاپروائی برداشت نہیں کی جا سکتی۔‘‘ یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد لوگوں کا تشویش میں مبتلا لازمی ہے، کیونکہ نالی کے پانی کو اگر ’صاف‘ ٹھہرایا جا رہا ہے، تو پھر پینے کے پانی میں موجود آلودگی کا تو پتہ ہی نہیں چل پائے گا۔
Published: undefined
کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر مدھیہ پردیش کی مزید ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جو آلودہ پانی سے تعلق نہیں رکھتی ہے۔ یہ ویڈیو ریاست میں بی جے پی لیڈران کی غنڈہ گردی کو عیاں کرتی ہے۔ ویڈیو میں ایک شخص سڑک پر ایک خاتون کو بے رحمی سے پیٹتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ پیٹنے والا شخص بی جے پی کا ڈویژنل صدر پلکت ٹنڈن ہے۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’مدھیہ پردیش میں بی جے پی کا جنگل راج عروج پر ہے۔ ناگود سے سامنے آئی اس ویڈیو کو دیکھیے۔‘‘
Published: undefined
33 سیکنڈ کی ویڈیو میں مبینہ بی جے پی لیڈر اُس خاتون کو کئی تھپڑ لگاتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ زوردار تھپڑوں کی وجہ سے خاتون کئی بار گرتی ہے، اور پھر جب اٹھنے کی کوشش کرتی ہے تو مزید تھپڑ رسید کیے جاتے ہیں۔ کانگریس نے اپنی اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’اس ویڈیو کو دیکھیے، جہاں بی جے پی ڈویژنل صدر پُلکت ٹنڈن ایک خاتون کو دوڑا دوڑا کر پیٹ رہا ہے۔ خاتون چھڑ کے ڈھیر پر گر گئی، لیکن یہ درندہ خاتون کو بے رحمی سے مارتا رہا۔‘‘ کانگریس نے مزید لکھا ہے کہ ’’اس واقعہ کے بعد پُلکت نے خاتون اور اس کی بیٹی کو دھمکی دی کہ معاملہ کو رفع دفع کرو، کیونکہ اس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ پائے گا۔‘‘
Published: undefined
کانگریس کے مطابق مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پُلکت ٹنڈن خود کو وزیر اعلیٰ اور بڑے بڑے وزراء کا خاص بتاتا ہے۔ وہ خود کو دہشت کا دوسرا نام بھی ٹھہراتا ہے۔ ان باتوں کو پیش کرنے کے بعد کانگریس نے لکھا کہ ’’مدھیہ پردیش میں لگاتار خواتین، دلتوں اور قبائلیوں پر مظالم ہو رہے ہیں، لیکن بی جے پی حکومت چادر تان کر سو رہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس مجرم کو جلد از جلد گرفتار کر سخت کارروائی کی جائے۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined