قومی خبریں

دہلی وقف بورڈ نے کورونا سے ہلاک شدگان کے لیے بنایا ’کووڈ-19 قبرستان‘

دہلی وقف بورڈ کا کہنا ہے کہ دہلی کے کسی بھی علاقے میں اگر مسلم مریض کی موت کووڈ-19 سے ہوتی ہے تو میت کو ملینیم پارک واقع قبرستان میں دفنایا جا سکتا ہے اور اس میں کسی طرح کی پریشانی نہیں ہوگی۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر 

کورونا کے پھیلتے انفیکشن کے درمیان ایسی خبریں بھی کئی جگہ سے موصول ہو رہی ہیں کہ مہلوکین کی آخری رسومات ادا کرنے میں کئی طرح کے مسائل سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ مقامات پر تو کورونا سے ہلاک ہونے والے ہندو مریض سے اس کے گھر والوں نے بھی دوری بنا لی، جس کے بعد کچھ مسلمانوں نے مل کر انسانیت کا ثبوت پیش کرتے ہوئے آخری رسوم ادا کیا۔ کئی جگہوں سے شمشان گھاٹ میں کووڈ-19 سے ہلاک مردہ کو جلانے اور قبرستان میں ایسے مریضوں کو دفنانے پر بھی تنازعہ سامنے آ چکا ہے۔ اس کو دیکھتے ہوئے دہلی وقف بورڈ نے ایک انتہائی اہم قدم اٹھایا ہے اور کووڈ-19 سے ہلاک ہونے والے مسلمانوں کو دفن کرنے کے لیے ایک خاص قبرستان مختص کر دیا ہے۔

Published: undefined

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق دہلی وقف بورڈ نے رِنگ روڈ پر ملینیم پارک کے پاس واقع قبرستان کو 'کووڈ-19 قبرستان' بنا دیا ہے۔ اس قبرستان میں کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہونے والے لوگوں کو دفن کیا جائے گا۔ وقف بورڈ نے اس سلسلے میں دہلی محکمہ صحت کو بھی ایک خط لکھ کر جانکاری دے دی ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ معلومات کی کمی کے سبب لوگ کورونا سے مرنے والوں کو قبرستان میں دفنانے نہیں دے رہے ہیں، اسی لیے ملینیم پارک واقع قبرستان کو 'کووڈ-19 قبرستان' بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

Published: undefined

دہلی وقف بورڈ کا کہنا ہے کہ دہلی کے کسی بھی علاقے میں اگر مسلم مریض کی موت کووڈ-19 سے ہوتی ہے تو میت کو یہاں دفنایا جا سکتا ہے اور اس میں کسی طرح کی پریشانی نہیں ہوگی۔ بورڈ نے محکمہ صحت کو لکھے خط میں یہ بھی کہا ہے کہ وہ اپنے سبھی اسپتالوں کو یہ مطلع کرے کہ اگر کسی کورونا پازیٹو مسلم مریض کی موت ہوتی ہے تو وہ رِنگ روڈ واقع قبرستان میں لاشوں کو دفن کر سکتا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined