قومی خبریں

دہلی دُنیا کے 10 بڑے شہروں میں سب سے’آلودہ‘، ہیلتھ ایمرجنسی کے درمیان سبھی اسکول بند

دنیا کے 20 سب سے آلودہ شہروں کی فہرست میں 14 ہندوستانی شہر ہیں۔ ہندوستان میں ہر سال 20 لاکھ سے زیادہ لوگ آلودہ ہوا کی وجہ سے موت کی نیند سو رہے ہیں، گویا کہ روزانہ 5480 اموات۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

دہلی-این سی آر میں ہفتہ کے روز بھی ہوا کا معیار انتہائی خراب ہے۔ شہر میں چاروں طرف دھوئیں کا غبار چھایا ہوا ہے۔ ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کیے جانے کے ساتھ ہی آج سے 5 نومبر تک دہلی میں سبھی اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ دیوالی کے بعد سے ہی دہلی-این سی آر میں حالات بدتر ہو گئے ہیں اور اس کے لیے سیاسی پارٹیاں بس ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرا رہی ہیں۔ عآپ لیڈران ہریانہ و پنجاب حکومت کو آلودگی کے لیے ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ پنجاب و ہریانہ میں پرالی جلائے جانے کی وجہ سے دہلی کی ہوا خراب ہو رہی ہے اور وہاں کی حکومتیں اس پر کنٹرول نہیں کر رہی ہیں۔ دوسری طرف بی جے پی نے کیجریوال حکومت کو آلودگی کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

Published: 02 Nov 2019, 10:10 AM IST

بہر حال، یہ بات اب پوری طرح ظاہر ہوگئی ہے کہ ملک کی راجدھانی دہلی کی آب و ہوا پوری طرح سے ’دم گھونٹو‘ ہو چکی ہے۔ یہاں سانس لینا دشوار ہو رہا ہے اور ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے لوگ دھیما زہر سانس کی شکل میں اپنے اندر لے رہے ہیں۔ ائیر کوالٹی انڈیکس کو دیکھنے سے اس بات کا بھی انکشاف ہوتا ہے کہ اس وقت دنیا کے 10 اہم شہروں میں آلودہ ہوا کے معاملے میں دہلی سرفہرست ہے۔ دہلی میں ائیر کوالٹی انڈیکس 470 پر ہے جو کہ خطرناک سطح ہے۔ ائیر ویزوئل ڈاٹ کام کے مطابق یکم نومبر یعنی جمعہ کو دنیا کے دیگر بڑے شہروں میں ہوا کا معیار دہلی سے بہتر رہا۔

Published: 02 Nov 2019, 10:10 AM IST

ائیر ویزوئل ڈاٹ کام کے مطابق یکم نومبر کو ائیر کوالٹی انڈیکس دیکھا جائے تو پاکستان کا شہر لاہور 343 کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے اور تیسرے مقام پر منگولیا کا شہر الان بٹار (168) ہے۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ (164)، ہندوستان کے کولکاتا (159)، پولینڈ کے کراکو (158)، پولینڈ کے ہی شہر راکلا (155)، چین کے شہر ووہان (155)، چین کے گوانگزو (155) اور چین کے ہی شہر چونگ کنگ (153) کا نمبر آتا ہے۔

Published: 02 Nov 2019, 10:10 AM IST

دہلی کی ہوا کس قدر خراب ہو چکی ہے اس کا اندازہ اسی سے لگایاجا سکتا ہے کہ اس کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ای پی سی اے کو پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کرنا پڑا ہے اور دہلی حکومت نے اسکولوں کو پانچ نومبر تک کے لیے بند کر دیا ہے۔ حالات کی خطرناکی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے 2018 گلوبل ڈاٹا بیس رپورٹ میں کہا تھا کہ دنیا کے 20 سب سے آلودہ شہروں کی فہرست میں 14 ہندوستان کے ہیں۔ ہندوستان میں ہر سال 20 لاکھ سے زیادہ لوگ آلودہ ہوا کی وجہ سے موت کی نیند سو رہے ہیں۔ دوسرے لفظوں میں کہا جا سکتا ہے کہ روزانہ ہوا کے خراب معیار کی وجہ سے ہندوستانی 5480 لوگوں کی موت ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ دنیا میں آلودہ ہوا سے ہونے والی ہر چار اموات میں سے ایک ہندوستان کا شہری شامل ہوتا ہے۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ 2018 میں آئی رپورٹ میں بھی دہلی ہندوستان کا سب سے آلودہ شہر تھا اور آج بھی یہ پہلے نمبر پر ہے۔

Published: 02 Nov 2019, 10:10 AM IST

دہلی کی آلودہ ہوا کی وجہ یہ ہے کہ حکومتوں نے آلودگی کم کرنے کے لیے کسی ٹھوس منصوبہ پر عمل نہیں کیا جس سے مسئلہ کا مستقل حل نہیں نکل سکا۔ یہی وجہ ہے کہ حالات آج بھی جوں کا توں ہیں۔ ایک طرف لوگ جہاں زہریلی ہوا کی وجہ سے بیماری کی زد میں آ رہے ہیں، وہیں سیاسی لیڈر فوری حل کی تلاش میں مصروف ہیں۔

Published: 02 Nov 2019, 10:10 AM IST

ائیر ویزوئل کی 2018 کی ایک رپورٹ میں فضائی آلودگی کے ذرائع اور اسباب کی پہچان کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق صنعتوں، گھروں، گاڑیوں سے ہوا کو آلودہ کرنے والی اشیاء نکلتی ہیں جو کہ صحت کے لیے خطرناک ہیں۔ ان سبھی اشیاء میں سے آلودگی پیدا کرنے والے باریک ذرات لوگوں کی زندگی پر سب سے زیادہ اثر ڈالتے ہیں۔

Published: 02 Nov 2019, 10:10 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 02 Nov 2019, 10:10 AM IST