قومی خبریں

دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر حملہ: ملزم راجیش بھائی کھیمجی کو پانچ روزہ پولیس ریمانڈ پر بھیجا گیا

دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر ’جن سنوائی‘ کے دوران حملہ کرنے والے راجیش بھائی کھیمجی کو پانچ روزہ پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ اس کے خلاف راجکوٹ میں بھی پانچ مقدمات درج ہیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

 

نئی دہلی: دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر بدھ کے روز ’جن سنوائی‘ پروگرام کے دوران ہوئے حملے کے ملزم راجیش بھائی کھیمجی بھائی سکریا کو عدالت نے پانچ دن کی پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔ دہلی پولیس نے جمعرات کو تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کے عزائم اور پس منظر کو سمجھنے کے لیے مزید تفتیش ضروری ہے۔

پولیس کے مطابق 41 سالہ راجیش پر قتل کی کوشش کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ سول لائنس تھانے میں فوجداری قانون (بی این ایس) کی دفعات 109(1)، 132 اور 221 کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے تمام پہلوؤں کی باریکی سے جانچ کی جا رہی ہے اور مرکزی ایجنسیاں نیز اسپیشل سیل بھی تفتیش میں شامل ہیں۔

Published: undefined

ذرائع کے مطابق ملزم منگل کی صبح راجکوٹ سے ٹرین کے ذریعے دہلی پہنچا۔ یہ اس کا پہلا راجدھانی کا دورہ تھا۔ دہلی آ کر وہ سول لائنس علاقے کے گجراتی بھون میں ٹھہرا۔ بعد ازاں اس نے شالیمار باغ میں وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کے نجی رہائش گاہ کا بھی رخ کیا اور اپنے ایک دوست کو فون پر اس کی اطلاع دی۔

پولیس تفتیش کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ راجیش کے خلاف راجکوٹ کے بھکت نگر پولیس اسٹیشن میں پانچ مقدمات درج ہیں۔ ان میں سے چار میں اسے عدالت سے بری کیا جا چکا ہے، جبکہ ایک کیس ابھی زیر سماعت ہے جس کی اگلی سماعت 9 ستمبر کو ہوگی۔ دہلی پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں گجرات پولیس سے رابطہ قائم کیا گیا ہے اور ملزم کے بارے میں مزید معلومات کی باضابطہ تصدیق کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

Published: undefined

واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے پولیس نے کہا کہ بدھ کی صبح وزیراعلیٰ ریکھا گپتا معمول کے مطابق عوامی شکایات سننے کے لیے ’جن سنوائی‘ پروگرام میں شریک تھیں۔ اچانک ایک شخص آگے بڑھا اور بھاری چیز ان پر پھینک دی جس کے نتیجے میں وزیراعلیٰ زمین پر گر گئیں۔ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ خوش قسمتی سے وزیراعلیٰ کو سنگین چوٹ نہیں آئی اور انہیں فوراً طبی معائنہ فراہم کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے مقاصد اور پس منظر کو سمجھنے کے لیے مسلسل پوچھ گچھ جاری ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اس نے حملے سے قبل کسی سیاسی تنظیم یا گروہ سے کوئی براہ راست رابطہ نہیں کیا، تاہم اس کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کے پیش نظر مختلف پہلوؤں پر تفتیش ضروری ہے۔

Published: undefined

یہ واقعہ دہلی کی سکیورٹی پر سوالیہ نشان کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر اس وقت جب وزیراعلیٰ جیسے بلند عہدے پر فائز رہنما کی عوامی تقریب میں براہِ راست موجودگی کے دوران ایسا حملہ ہوا۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ معاملے کی ہر زاویے سے تفتیش کی جا رہی ہے اور کسی بھی لاپرواہی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined