قومی خبریں

اندور میں کورونا ہوا بے قابو، ناکام شیوراج نے مرکزی ٹیم کا کیا استقبال

شیوراج چوہان نے ٹوئٹ کے ذریعہ مرکزی ٹیم کے اندور پہنچنے کی خبر دی۔ انھوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’’ان کی تجاویز سے ہمیں اندور میں کورونا وائرس انفیکشن کی روک تھام میں جلد از جلد کامیابی ملے گی۔“

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

مدھیہ پردیش کا اندور اس وقت کورونا وائرس انفیکشن معاملہ میں ہندوستان کا سب سے بڑا ہاٹ اسپاٹ تصور کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی ناکامی کہیں یا پھر ان کی غلط پالیسی، کہ حالات بہتر ہونے کی جگہ بدتر ہی ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ لگاتار بڑھتے معاملوں اور ہلاکتوں کی وجہ سے مرکزی حکومت نے اپنی ایک ٹیم اندور بھیجی ہے جس کا وزیر اعلیٰ شیوراج چوہان نے یہ کہتے ہوئے استقبال کیا ہے کہ ان کی مدد سے اندور میں کورونا پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

Published: 20 Apr 2020, 5:40 PM IST

وزیر اعلی کا کہنا ہے کہ کورونا کے انفیکشن سے نمٹنے کے لئے مرکز کی جانب سے بھیجی گئی ٹیم کے تعاون اور تجویز سے ہمیں اندور میں کورونا وائرس انفیکشن مزید پھیلنے سے روکنے میں جلد ہی کامیابی ملے گی۔ انھوں نے اپنے اس بیان کے ساتھ غالباً اپنی شکست تسلیم بھی کر لی ہے کیونکہ گزشتہ کئی دنوں سے حالات پر قابو پانے کے لیے شیوراج سنگھ کوششیں کرتے رہے، لیکن انھیں کامیابی نہیں ملی۔

Published: 20 Apr 2020, 5:40 PM IST

پیر کے روز شیوراج چوہان نے ٹوئٹ کے ذریعہ مرکزی ٹیم کے اندور پہنچنے کی خبر دی۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’’اندور میں ہمارے ساتھ کوووڈ-19 کی لڑائی میں ساتھ دینے کے لئے مرکز کی طرف سے ایک خصوصی ٹیم بھیجی گئی ہے۔ ہم اس ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ان کی تجاویز سے ہمیں اندور میں کورونا وائرس کے انفیکشن کی روک تھام میں جلد از جلد کامیابی ملے گی۔"

Published: 20 Apr 2020, 5:40 PM IST

وزیر اعلیٰ نے اپنے ایک دیگر ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا کہ "میں وزیر اعظم نریندر مودی کا شکر گزار ہوں جو ہماری رہنمائی کر رہے ہیں اور ہمیشہ ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میں ملک کے وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کا بھی شکر گزار ہوں ، جو ہمارے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر لڑ رہے ہیں۔ ‘‘

Published: 20 Apr 2020, 5:40 PM IST

اسی تعلق سے کیے گئے اپنے تیسرے ٹوئٹ میں شیوراج چوہان لکھتے ہیں کہ "ہمارے وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ، پورا ملک کورونا کے ساتھ جنگ لڑ رہا ہے اور مدھیہ پردیش کو ان کا پورا پورا ساتھ مل رہا ہے۔ میں ان کے تعاون کے لئے دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہمیں وزیر داخلہ امت شاہ کی جانب سے بھی مستقل رہنمائی مل رہی ہے۔ میں ان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘

Published: 20 Apr 2020, 5:40 PM IST

واضح رہے کہ سرکاری اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات اندور میں آئی جانچ رپورٹ میں سات نئے پازیٹو معاملات کے سامنے آنے کے بعد وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 890 سے بڑھ کر 897 ہوگئی ۔ قابل ذکر یہ بھی ہے کہ 52 افراد کی اب تک اس انفیکشن کی وجہ سے موت ہوچکی ہے۔ اندور کے یہ اعداد و شمار خوفناک ہیں اور غالباً اسی کو دیکھتے ہوئے مرکزی ٹیم اندور پہنچی ہے تاکہ حالات کو قابو میں کیا جا سکے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Published: 20 Apr 2020, 5:40 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 20 Apr 2020, 5:40 PM IST