قومی خبریں

مودی حکومت کی مہربانی سے گھروں میں ’رامائن‘ اور سڑکوں پر روٹی کے لیے ’مہابھارت‘

لاک ڈاؤن کے اعلان سے پہلے حکومت کو اپنے گاؤں سے باہر مزدوری کرنے والوں کو گھر لوٹنے کے لیے کم از کم تین دن کی مہلت دینی چاہیےتھی۔ جلدبازی میں لیے گئے فیصلے سے لاک ڈاؤن کا کوئی مطلب ہی نہیں رہا۔

تصویر ویپن
تصویر ویپن 

عالمی وبا کی شکل اختیار کر چکے کورونا وائرس کے انفیکشن کو روکنے کے لیے پورا ہندوستان لاک ڈاؤن ہے۔ اس درمیان گھروں میں نظربند لوگوں کی تفریح کے لیے مرکز کی مودی حکومت نے سرکاری چینل دوردرشن پر مشہور مذہبی سیریل 'رامائن' اور 'مہابھارت' کا نشریہ دوبارہ شروع کر دیا ہے اور حکومت اس کا خوب ڈھنڈورا بھی پیٹ رہی ہے۔ لیکن یہ سب خبروں اور تصویروں میں سننے دیکھنے میں تو کافی اچھا لگتا ہے، لیکن زمین پر سچائی کوئی الگ ہی چہرہ دکھا رہی ہے۔

Published: undefined

دراصل لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک بھر کے میٹرو پولیٹن شہروں میں روزی روٹی اور تمام روزگار کے وسائل بند ہونے کے بعد ہزاروں ہزار کی تعداد میں مزدوروں کو بھوکے پیاسے پیدل ہی سینکڑوں کلو میٹر دور اپنے گاؤں کی طرف لوٹنا پڑ رہا ہے۔ ایسے میں ان کے لیے سڑک پر کسی طرح ایک وقت کی 'روٹی' حاصل کرنا مہابھارت بنتا جا رہا ہے۔

Published: undefined

گزشتہ 6 دنوں میں ملک کی سڑکوں سے کئی ایسی تصویریں سامنے آئی ہیں جو کسی کے بھی دل کو دہلا دیتی ہیں۔ کورونا وائرس کے بڑھتے انفیکشن کو روکنے کے لیے 25 مارچ سے پورا ملک لاک ڈاؤن ہے، لہٰذا میٹرو پولیٹن شہروں کے سبھی سرکاری، غیر سرکاری دفاتر کے ساتھ ہی تمام کمپنیاں اور فیکٹریاں بند ہو گئیں اور ان میں کام کرنے والے لاکھوں مزدور بے کار ہو گئے۔ لاک ڈاؤن میں گاڑیوں کے بند ہونے کی وجہ سے کوئی ایک ہزار تو کوئی پانچ سو کلو میٹر کا سفر کر پیدل اپنے گھر لوٹ رہا ہے۔

Published: undefined

ایسے افرا تفری کے ماحول میں ان میٹرو پولیٹن شہروں سے زیادہ لوگ لوٹ رہے ہیں جہاں انفیکشن کے مریض زیادہ پائے جا رہے ہیں۔ اس درمیان سڑکوں پر میلہ لگا ہوا ہے اور لوگ بھوک سے بے حال ہوئے جا رہے ہیں۔ لاک ڈاؤن پر عمل کرانے کی ذمہ داری سنبھال رہے پولس اہلکار کہیں لاٹھی برسا رہے ہیں تو کہیں انسانوں کو مینڈک جیسے رینگنے کے لیے مجبور کر رہے ہیں۔ سب سے زیادہ خوفناک تصویر بریلی سے آئی ہے جہاں سرکاری ملازم خواتین اور بچوں کے اوپر کیمیکل چھڑکاؤ کر سینیٹائز کرتے دیکھے گئے ہیں۔

Published: undefined

ان سبھی پہلوؤں کے درمیان مرکزی حکومت کے محکمہ اطلاعات و نشریات نے چھوٹے پردے یعنی ٹی وی پر مذہبی سیریل 'رامائن' اور 'مہابھارت' کا دوبارہ نشریہ شروع کر دیا ہے تاکہ اپنے گھروں میں نظربند لوگ آرام سے تفریح کر سکیں۔ لیکن شاید ہی حکومت کو پتہ رہا ہو کہ جس وقت کچھ لوگ اپنے گھروں میں آرام سے بیٹھ کر رامائن سیریل دیکھ رہے ہوتے ہیں، ٹھیک اسی وقت سماج کا ایک بڑا طبقہ (مزدور طبقہ) سڑکوں پر بھوک اور ذلالت کا مہابھارت دیکھ رہا ہوتا ہے۔

Published: undefined

اگر ملک کے پسماندہ علاقہ بندیل کھنڈ کی بات کی جائے تو یہاں کے تقریباً 10 سے 15 لاکھ مزدور میٹرو پولیٹن شہروں میں رہ کر اپنی زندگی بسر کر رہے ہیں، جن کی اب گھر واپسی ہو رہی ہے۔ غیر سرکاری اعداد و شمار پر بھروسہ کریں تو گزشتہ چار دنوں میں تقریباً ایک لاکھ سے زیادہ مزدوروں کی واپسی ہو چکی ہے اور ان میں سے بہت کم ہی لوگوں کی تھرمل اسکریننگ ہوئی ہے۔ اس درمیان باندا کے ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ سنتوش بہادر سنگھ نے حکم دیا ہے کہ "گاؤں میں بڑی تعداد میں باہر سے لوگ آئے ہیں، ان کی گاؤں کے نام کے ساتھ فہرست تیار کی جائے اور انھیں اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز میں کوارنٹائن کیا جائے۔"

Published: undefined

اس خط سے ظاہر ہے کہ روزی روٹی کی تلاش میں دوسری ریاستوں میں گئے دہاڑی مزدور اگر سینکڑوں و ہزاروں کلو میٹر کا سفر پیدل کر کسی طرح اپنے گھر پہنچ بھی جا رہے ہیں تو نہ تو وہاں ان کی جانچ ہو رہی ہے اور نہ ہی ان کے ساتھ اچھا سلوک ہو رہا ہے۔ باندا کے بزرگ وکیل رنویر سنگھ چوہان کہتے ہیں کہ "لاک ڈاؤن کے اعلان سے پہلے حکومت کو کم از کم تین دن کی مہلت ان لوگوں کی گھر واپسی کے لیے دینا چاہیے تھا جو پردیس میں مزدوری کر رہے تھے۔ جلدبازی میں لیے گئے فیصلے سے لاک ڈاؤن کا کوئی مطلب نہیں نکلتا۔" بقول چوہان "گھروں میں 'رامائن' ہو رہی ہے اور مزدور طبقہ سڑک پر روٹی کا 'مہابھارت' دیکھ رہا ہے۔ اوپر سے انھیں پولس کی لاٹھیاں سود میں مل رہی ہیں۔"

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined