وزارت داخلہ کے سامنے دھرنا دے رہے ٹی ایم سی کے 8 ارکان پارلیمنٹ زیر حراست، پارٹی کا سخت ردعمل
وزارت داخلہ کے سامنے ای ڈی کے خلاف احتجاج پر ترنمول کانگریس کے آٹھ ارکان پارلیمنٹ کو دہلی پولیس نے حراست میں لیا۔ ممتا بنرجی نے ای ڈی پر انتخابی حکمت عملی اور ڈیٹا چوری کا الزام لگایا

نئی دہلی: مغربی بنگال میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے حالیہ چھاپوں کے خلاف جمعہ کے روز وزارت داخلہ کے سامنے احتجاج کر رہے ترنمول کانگریس کے آٹھ ارکان پارلیمنٹ کو دہلی پولیس نے حراست میں لے لیا۔ حراست میں لیے گئے ارکان میں ڈیرک اوبرائن، مہوا موئترا، شتابدی رائے، ساکیت گوکھلے، کیرتی آزاد، پرتیما منڈل، باپی ہلدر اور ڈاکٹر شرمیلا سرکار شامل ہیں۔ احتجاج کے دوران پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی اور مظاہرین کو وہاں سے ہٹا دیا گیا۔
احتجاج میں شامل ارکان پارلیمنٹ نے مرکزی حکومت پر تحقیقاتی ایجنسیوں کے غلط استعمال کا الزام لگایا۔ ان کے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھے جن پر ’’امت شاہ کی ای ڈی بمقابلہ بنگال کے عوام‘‘ اور ’’چاہے جتنے حملے کرو، بنگال پھر جیتے گا‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔ پولیس کارروائی کے دوران ڈیرک اوبرائن اور مہوا موئترا کو زبردستی پولیس وین میں بٹھایا گیا، جس پر وہاں موجود صحافیوں اور کارکنوں نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔
ڈیرک اوبرائن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے، وہ سب کے سامنے ہے اور یہ جمہوری اقدار کے خلاف ہے۔ ترنمول کانگریس کا کہنا ہے کہ احتجاج پرامن تھا اور کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی گئی، اس کے باوجود ارکان پارلیمنٹ کو حراست میں لینا سیاسی دباؤ کا مظہر ہے۔
یہ احتجاج ای ڈی کی جانب سے غیر قانونی کوئلے کی کان کنی اور منی لانڈرنگ کے معاملے میں کولکتہ اور دہلی میں پندرہ مقامات پر چھاپوں کے ایک دن بعد سامنے آیا۔ ان چھاپوں میں آئی پیک نامی نجی کمپنی کے سربراہ پرتیک جین کی رہائش گاہ بھی شامل تھی، جسے ترنمول کانگریس اپنی انتخابی حکمت عملی سے جوڑ رہی ہے۔
لوک سبھا کی رکن مہوا موئترا نے الزام لگایا کہ سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کے لیے ای ڈی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے اور چھاپوں کے دوران اہم دستاویزات اور انتخابی ڈیٹا لوٹا جا رہا ہے۔
دوسری جانب مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ای ڈی تلاشی کے بہانے ترنمول کانگریس کی انتخابی حکمت عملی اور ڈیٹا چوری کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چھاپے کے دوران وہ خود وہاں پہنچیں اور پارٹی کے کاغذات واپس لیے۔
ادھر ای ڈی نے ممتا بنرجی کے خلاف کلکتہ ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ تلاشی کے دوران دستاویزات اور ڈیجیٹل ثبوت زبردستی چھینے گئے، جو آئینی اختیار کا غلط استعمال ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔