
مولانا عثمان لدھیانوی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے
تصویر: پریس ریلیز
نئی دہلی/لدھیانہ: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سرکاری تقریب میں وہ تقرری نامہ دے رہے ہیں۔ جب ایک خاتون ڈاکٹر کی باری آتی ہے تو پہلے نتیش کمار تقرری نامہ پکڑاتے ہیں اور پھر خاتون کا نقاب اپنے ہاتھوں سے نیچے کھینچ دیتے ہیں۔ نتیش کمار کی اس حرکت کی چوطرفہ مذمت ہو رہی ہے اور معافی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
Published: undefined
اسی ضمن میں آج ریاست پنجاب کی تاریخی جامع مسجد میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک آزادی میں سرگرم رہی جماعت مجلس احرار اسلام ہند کے قومی صدر اور شاہی امام مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ذریعہ پردہ نشیں مسلم بیٹی کے چہرہ سے نقاب ہٹانے کی غیر شائستہ حرکت کی سخت مذمت کی۔
Published: undefined
مولانا عثمان لدھیانوی نے کہا کہ نتیش کمار کو اپنے عہدے اور عمر کا کوئی لحاظ نہیں ہے۔ ان کا یہ طرز عمل مسلمانوں کے تئیں پوشیدہ نفرت کو ظاہر کرتا ہے۔ اگر وہ اپنی ریاست میں اقلیتوں سے اتنی نفرت کرتے ہیں تو ان کو چاہئے کہ وہ اپنی پارٹی اور اپنے لوگوں کے ساتھ سیکولرازم کا ڈھونگ کرنا چھوڑ دیں۔
Published: undefined
شاہی امام پنجاب نے کہا کہ ان کے مذموم فعل کو کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے یہ حرکت صرف ایک بیٹی کے ساتھ نہیں کی بلکہ دنیا کے سب سے بڑے مذہب اسلام کے عقیدے کو بھی ٹھیس پہنچائی اور ہر بیٹی کی توہین کی، خواہ وہ کسی بھی ذات یا مذہب سے تعلق رکھتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ نتیش کمار کی حمایت صرف اس لیے کرتے ہیں کہ وہ وزیر اعلیٰ ہیں، انہیں اپنی بہوؤں اور بیٹیوں کی جانب بھی دیکھنا چاہئے۔ شاہی امام نے مزید کہا کہ ہماری طرف سے یہ مذمت اور مخالفت سیاسی نہیں بلکہ حقیقی ہے۔ یہ سماجی اور مذہبی لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بہار کے وزیر اعلیٰ کی اس مذموم حرکت کا نوٹس لیں اور اس طرح کے واقعات سے کسی بھی حال میں سمجھوتہ نہ کریں۔
Published: undefined
شاہی امام مولانا عثمان لدھیانوی نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ پنجاب سے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کریں گے تاکہ مستقبل میں کوئی دوسرا سیاستداں یا کوئی بھی اعلیٰ عہدے پر فائز شخص کسی بیٹی کے ساتھ ایسا سلوک نہ کر سکے۔ مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی کا کہنا ہے کہ کوئی بھی شخص اگر اعلیٰ عہدے پر فائز ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ معاشرے، مذہب یا قانون سے بالاتر ہے۔ شاہی امام پنجاب نے پریس کانفرنس میں یہ مطالبہ بھی کیا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو بغیر کسی شرط کے فوری معافی مانگنی چاہیے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined