قومی خبریں

بنگال بی جے پی میں ’بغاوت‘ کا آغاز، مکل رائے اور سبھرانشو رائے نے ممتا سے ملایا ہاتھ

بی جے پی کے قدآور لیڈر مکل رائے اور ان کے بیٹے سبھرانشو رائے نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور رکن پارلیمنٹ ابھشیک بنرجی کی موجودگی میں ترنمول کانگریس میں دوبارہ شمولیت اختیار کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

مغربی بنگال میں بی جے پی کے قدآور لیڈر اور رکن اسمبلی مکل رائے اپنے بیٹھے سبھرانشو رائے کے ساتھ ترنمول کانگریس میں شامل ہو گئے ہیں۔ مکل رائے کا گھر واپسی کا فیصلہ بنگال بی جے پی کے لیے ایک زوردار جھٹکا ہے، کیونکہ ان کی گھر واپسی کے بعد کئی ایسے بی جے پی لیڈروں کی ترنمول کانگریس میں شرکت کا امکان بڑھ گیا ہے جو بی جے پی کی پالیسیوں اور اس کے رویے سے ناراض ہیں۔ مکل رائے اور ان کے بیٹے سبھرانشو کے ترنمول میں شامل ہونے کی خبر صرف بنگال بی جے پی ہی نہیں بلکہ بی جے پی اعلیٰ قیادت کے لیے بھی کسی دھماکے سے کم نہیں ہے۔ پہلے ہی کم و بیش تین درجن بی جے پی اراکین اسمبلی کے ترنمول میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، اور اب مکل رائے نے ترنمول میں گھر واپسی کر کے باقی لوگوں کی گھر واپسی کے لیے راستہ کھول دیا ہے۔

Published: undefined

مکل رائے اور ان کے بیٹے سبھرانشو رائے نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور رکن پارلیمنٹ ابھشیک بنرجی کی موجودگی میں ترنمول کانگریس میں دوبارہ شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر ممتا بنرجی کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مکل رائے نے کہا کہ ’’میں بی جے پی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں آیا ہوں۔ ابھی مغربی بنگال میں جو صورت حال ہے، اس میں کوئی بھی بی جے پی میں نہیں رہے گا۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ مکل رائے اس وقت کرشنا نگر شمالی سیٹ سے رکن اسمبلی ہیں۔ امکان ہے کہ ترنمول کانگریس میں شمولیت کے بعد اب وہ استعفیٰ دیں گے اور ضمنی انتخاب میں ان کے بیٹے سبھرانشو رائے یہاں سے ٹی ایم سی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔

Published: undefined

بہر حال، مکل رائے کی گھر واپسی کا استقبال کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’بی جے پی میں بہت زیادہ استحصال ہے۔ بی جے پی عام لوگوں کی پارٹی نہیں ہے۔ مکل رائے گھر کا لڑکا ہے، آج ان کی واپسی ہوئی ہے۔ میری مکل کے ساتھ کوئی نااتفاقی نہیں ہے۔‘‘ ساتھ ہی ممتا بنرجی نے کہا کہ جن لوگوں نے ٹی ایم سی کے ساتھ غداری کی ہے، ان کو پارٹی میں کبھی شامل نہیں کیا جائے گا، باقی لوگ پارٹی میں واپس آ سکتے ہیں۔

Published: undefined

غور طلب ہے کہ مغربی بنگال الیکشن کے لیے جب بی جے پی نے اپنی مہم شروع کی تھی تو مکل رائے ٹی ایم سی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے سب سے پہلے بڑے لیڈر تھے۔ اس وقت وہ ممتا بنرجی کے سب سے خاص تصور کیے جاتے تھے اور ٹی ایم سی میں ممتا کے بعد نمبر دو کی حیثیت رکھتے تھے۔ لیکن پارٹی مخالف سرگرمیوں کی وجہ سے انھیں ٹی ایم سی سے باہر کر دیا گیا تھا، بعد ازاں انھوں نے بی جے پی جوائن کر لی تھی۔

Published: undefined

مکل رائے کے ٹی ایم سی میں واپس آنے سے بی جے پی میں گئے دیگر لیدڑوں کی پارٹی میں واپس لوٹنے کا امکان کافی بڑھ گیا ہے۔ بی جے پی کے لیے یہ خوش آئندہ نہیں ہے کیونکہ اگر بی جے پی لیڈروں کی گھر واپسی کا سلسلہ شروع ہوا تو پھر بی جے پی کے لیے سنبھلنا بہت مشکل ہو جائے گا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined