قومی خبریں

آدتیہ ٹھاکرے کی وزارت کا ہوگا آڈٹ، مرکزی حکومت نے جاری کیا فرمان

اپنی حکومت میں ادھو ٹھاکرے نے بیٹے آدتیہ کو وزیر ماحولیات بنایا تھا، اب جبکہ مہاراشٹر میں اقتدار کی تبدیلی ہو چکی ہے، تو بی جے پی اور ٹھاکرے فیملی میں تلخیاں بڑھتی ہوئی معلوم ہو رہی ہیں۔

آدتیہ ٹھاکرے، تصویر آئی اے این ایس
آدتیہ ٹھاکرے، تصویر آئی اے این ایس 

مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے کے لیے بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ مرکزی حکومت نے آدتیہ ٹھاکرے کی وزارت کے آڈٹ کا فرمان جاری کر دیا ہے۔ آدتیہ ٹھاکرے کے ذریعہ گزشتہ ڈھائی سال میں جو بھی کام کیے گئے ہیں، اس کا آڈٹ کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ اپنی حکومت میں ادھو ٹھاکرے نے بیٹے آدتیہ کو وزیر ماحولیات بنایا تھا۔ اب جب کہ مہاراشٹر میں اقتدار کی تبدیلی ہو چکی ہے، تو بی جے پی اور ٹھاکرے فیملی میں تلخیاں بڑھتی ہوئی معلوم ہو رہی ہیں۔

Published: undefined

واضح رہے کہ حال ہی میں بی جے پی اراکین اسمبلی کی مدد سے شیوسینا کے باغی رکن اسمبلی ایکناتھ شندے نے مہاراشٹر کے اقتدار پر قبضہ کیا ہے۔ ایکناتھ شندے کے ساتھ شیوسینا کے تقریباً 40 اراکین اسمبلی بھی ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ ادھو ٹھاکرے کو وزیر اعلیٰ کی کرسی چھوڑنی پڑی۔ ادھو ٹھاکرے کے استعفیٰ دینے کے ساتھ ہی ٹھاکرے فیملی کے لیے پریشانیاں بڑھنے لگیں۔ ایسے میں مرکزی حکومت کی طرف سے وزارت ماحولیات میں آدتیہ ٹھاکرے کے ذریعہ کیے گئے کاموں کے آڈٹ کو کئی لوگ سیاست سے متاثر بتا رہے ہیں۔

Published: undefined

اس درمیان شیوسینا کے لیے ادھو ٹھاکرے اور ایکناتھ شندے کے درمیان لڑائی شدید ہوتی جا رہی ہے۔ شیوسینا کے بیشتر اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمنٹ ایکناتھ شندے گروپ کے ساتھ ہو گئے ہیں۔ ایکناتھ شندے گروپ نے تو پارٹی کے انتخابی نشان یعنی تیر کمان پر بھی اپنا دعویٰ پیش کر دیا ہے اور انتخابی کمیشن میں عرضی داخل کر دی ہے۔ ایسے میں ٹھاکرے کنبہ کے پاس شیوسینا پارٹی پر حق جمانے کا اختیار بھی رہے گا یا نہیں، اس سلسلے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined