آدھار اور ووٹر شناختی کارڈ کو لنک کرنے کے معاملے پر سماعت سے سپریم کورٹ کا انکار

سپریم کورٹ نے آدھار اور ووٹر شناختی کارڈ لنک کرنے کے معاملے پر سماعت سے انکار کر دیا ہے، عرضی دہندہ کانگریس لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا کو سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ جانے کا مشورہ دیا۔

سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سپریم کورٹ نے آدھار اور ووٹر شناختی کارڈ کو لنک کرنے کے معاملے پر سماعت سے انکار کر دیا ہے۔ کانگریس لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا نے ایک عرضی داخل کر ووٹر شناختی کارڈ کو آدھا کارڈ سے جوڑنے کو لے کر کیے گئے انتخابی قانون ترمیمی ایکٹ کو رد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس لیڈر نے اس کے لیے سپریم کورٹ میں ایک عرضی داخل کی تھی جس پر سماعت سے انکار کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے انھیں ہائی کورٹ جانے کو کہا ہے۔

واضح رہے کہ ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار کارڈ سے جوڑنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کے خلاف رندیپ سرجے والا نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کر اسے رد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ سرجے والا نے اپنی عرضی میں آدھار کو ووٹر شناختی کارڈ سے جوڑنے کے قانون کو پرائیویسی کے حق کی خلاف ورزی اور آئین کے خلاف بتایا ہے۔ ساتھ ہی کہا ہے کہ یہ برابری کے حقوق کے خلاف ہے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ ووٹر کارڈ کو آدھار کارڈ سے لنک کرنا شہریوں کی پرائیویسی کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور یہ غیر آئینی بھی ہے۔ کانگریس کی ایک دلیل یہ بھی ہے کہ آدھار شہریت کی نہیں بلکہ باشندہ ہونے کا ثبوت ہے، جب کہ ووٹر شناختی کارڈ شہریت کا حق دیتا ہے۔


عرضی میں کہا گیا ہے کہ فی الحال شہریوں کے ڈاٹا کی حفاظت کو لے کر کوئی قانون نہیں ہے، ایسے میں آدھار اور ووٹر کارڈ کو جوڑنے سے حالات مزید سنگین ہو جائیں گے۔ عرضی میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس سے ووٹروں کی نگرانی اور ووٹروں کے ذاتی حساس ڈاٹا کے غلط استعمال کا امکان بڑھ سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔