سونیا گاندھی کو انکوائری کے نام پر مودی حکومت ہراساں کر رہی ہے: نانا پٹولے

کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ مودی حکومت کی اس آمریت کے خلاف کانگریس پارٹی 26 جولائی کو ایک بار پھر پرامن ستیہ گرہ کے ذریعے اس کارروائی کی مذمت کرے گی۔

نانا پٹولے، تصویر یو این آئی
نانا پٹولے، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مرکز کی نریندر مودی حکومت اپوزیشن کو ختم کرنے کے لیے تمام سرکاری مشینریوں کا بے دریغ غلط استعمال کر رہی ہے۔ مودی حکومت کی اس جبر کو کانگریس پارٹی ذرا بھی لائق اعتنا نہیں سمجھتی ہے۔ سونیا گاندھی بیمار ہیں اور 70 سال کی عمر میں تفتیش کے نام پر انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔ مودی حکومت کی اس آمریت کے خلاف کانگریس پارٹی 26 جولائی کو ایک بار پھر پرامن ستیہ گرہ کے ذریعے اس کارروائی کی مذمت کرے گی۔ یہ اطلاع آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے دی ہے۔

اس ضمن میں بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ "منگل کو نریندر مودی حکومت کی انتقامی سیاست کے خلاف صبح 10 بجے منترالیہ کے قریب بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے ستیہ گرہ منعقد کیا جائے۔ 21 تاریخ کو سونیا گاندھی کو ای ڈی نے تفتیش کے لیے بلایا تھا، اب انہیں دوبارہ بلایا گیا ہے۔ ممبرپارلیمنٹ راہل گاندھی سے بھی ای ڈی نے پانچ دنوں تک روزانہ 10-10 گھنٹے تک تفتیش کی۔ اس تفتیش سے کچھ حاصل نہیں ہوا اور نہ ہی کچھ حاصل ہوگا۔ ای ڈی کے اہلکار مرکز میں اپنے ’باس‘ کے اشارے پر ناچ رہے ہیں۔ انکوائری کے نام پر اپوزیشن کو ہراساں کرنے کی بی جے پی کی سیاست زیادہ دنوں تک نہیں چلے گی۔"


نانا پٹولے نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی نے کبھی انتقامی سیاست نہیں کی لیکن مرکز میں برسراقتدار آنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت جمہوریت اور آئین کو بالائے طاق رکھ کر اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کے ذریعے اپوزیشن کو پریشان کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */