قومی خبریں

ڈاکٹر ذاکر حسین کے یوم پیدائش پر محسن جامعہ کو شاندار خراج عقیدت

وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف کے یہ ذکر کرنے پر کہ جامعہ کے بہت سے بچوں کے پاس فیس کے پیسے نہیں ہوتے، مرزا قمرالحسن نے اعلان کیا کہ ’جامعہ نیشنل فاؤنڈیشن‘ فیس کے مد میں ہر سال 100 بچوں کی مدد کرے گی۔

<div class="paragraphs"><p>تقریب کا منظر</p></div>

تقریب کا منظر

 

تصویر: محمد تسلیم

نئی دہلی: نامور مفکر، عظیم ماہر تعلیم، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے محسن و معمار اور ملک کے تیسرے صدر جمہوریہ ڈاکٹر ذاکر حسین کا یوم پیدائش اتوار کو یہاں جامعہ نیشنل فاؤنڈیشن نے جامعہ کے فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی آڈیٹوریم میں شاندار اہتمام سے منایا۔ فاؤنڈیشن نے ڈاکٹر ذاکر حسین کے 129ویں یوم پیدائش کی یہ تقریب جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تعاون سے گزشتہ روز، یعنی اتوار کو منعقد کی تھی۔

Published: undefined

اس موقع پر ’جامعہ نیشنل فاؤنڈیشن‘ کا پہلا میموریل لکچر جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے قرآن کریم میں فرمایا ہے کہ اس نے موت و حیات کو اس لیے پیدا کیا ہے کہ انسانوں کو آزمائے کہ ان میں سب سے اچھا عمل کس کا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر ذاکر حسین کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے ملک و قوم اور جامعہ پر ان کے احسانات کو جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔ وہ تقریب کی صدارت بھی کر رہے تھے۔

Published: undefined

سابق مرکزی وزیر، انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے صدر اور ڈاکٹر ذاکرحسین کے نواسے سلمان خورشید نے اس موقع پر کہا کہ ذاکر صاحب کی سب سے بڑی عظمت ان کا ایک ٹیچر اور انسان ہونا ہے۔ انہوں نے ان کی انسانی عظمت کے کئی واقعات کا ذکر کیا۔ کہا کہ ایک بار وہ اسکول کے بچوں میں تقسیم انعامات کی تقریب میں تھے کہ کسی نے ان کے گھر سے آ کر ان کے کان میں کچھ خبر دی۔ وہ مضمحل ہو گئے، لیکن وہ گھنٹے بھر بعد وہاں سے گھر گئے۔ پھر لوگوں کو معلوم ہوا کہ ان کی ننھی بیٹی کا انتقال ہو گیا تھا۔ ان سے کہا گیا کہ آپ اسی وقت کیوں نہیں آگئے۔ تو انہوں نے کہا کہ اگر وہ چلے آتے تو ان معصوم بچوں پر کیا گزرتی۔

Published: undefined

فاؤنڈیشن کے سینئر ممبر ڈاکٹر سید فاروق نے اس موقع پر کہا کہ ہر اندھیرے میں چراغ جلانا انسان کی اصل نیکی ہے۔ ذاکر صاحب امید کی علامت ہیں جو سب سے بڑی روشنی ہے۔ جامعہ نیشنل فاؤنڈیشن کے سکریٹری مرزاقمرالحسن بیگ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں ڈاکٹر ذاکر حسین سے اپنے والد، جامعہ کوآپریٹو بینک کے بانی اور مشہور سماجی خدمت گار مرزا فرید الحسن بیگ کی زندگی میں ڈاکٹر ذاکرحسین کی شخصی خوبیوں کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ذاکر صاحب نے ان سے کہا تھا کہ لیاقت نہیں ہے تو خدمت کرنا سیکھو اور ان کے اسی سبق نے ان کو وہ راہ دکھائی جس نے جامعہ کے پچاسویں سال میں ذاکر باغ سوسائٹی دی، 75 سال پر جامعہ بینک دیا اور 100ویں سال میں جامعہ نیشنل فاؤنڈیشن دیا۔

Published: undefined

جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف کے یہ ذکر کرنے پر کہ جامعہ کے بہت سے بچوں کے پاس فیس کے پیسے نہیں ہوتے، مرزا قمر الحسن بیگ نے اعلان کیا کہ جامعہ نیشنل فاؤنڈیشن فیس کے مد میں ہر سال ایسے 100 بچوں کی مدد کرے گی۔

Published: undefined

ذاکر حسین کی زندگی پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی اس موقع پر دکھائی گئی، جس کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر معروف کشمیری فنکار راجیش پروتھی ہیں۔ رحمان خاں نے ذاکر حسین کی مشہور کہانی ’ابو میاں کی بکری‘ پر مبنی ڈراما پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت معین شاداب کر رہے تھے۔ کلمات تشکر فضہ بیگ نے پیش کیے۔ تقریب میں جامعہ کے اساتذہ و طلبہ کے علاوہ جامعہ نیشنل فاؤنڈیشن کے ارکان و متعلقین اور دیگر معززین کی کثیر تعداد شریک تھی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined