
یو این آئی
امریکہ اور ہندوستان کے درمیان کاروبار بڑھانے کے موضوع پرمیراتھن مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریرنے قانون سازوں کو بتایا کہ ہندوستان نے امریکی زرعی مصنوعات جیسے جواراورسویا کے لیے بازار کھولنے پر’ایک ملک کے طور پر ہمیں اب تک کی بہترین پیشکش‘ کی ہے۔ سینیٹ کی ایک کمیٹی کے سامنے بات کرتے ہوئے گریر نے کہا کہ ان کی ٹیم اس وقت نئی دہلی میں میٹنگوں میں مصروف ہے، جہاں وہ حساس زرعی مسائل پر تبادلہ خیال کر رہی ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ہندوستان کو کچھ فصلوں کے بارے میں تحفظات ہیں لیکن ہندوستان کی حالیہ پیشکش پہلے سے کہیں زیادہ مثبت ہے۔
Published: undefined
گریر نے کہا کہ چین سے مانگ میں کمی اور امریکی مصنوعات کے بڑھتے ہوئے اسٹاک کی صورت میں ہندوستان اب امریکہ کے لیے ایک بڑا متبادل بازار بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا بازار مواقع سے بھرا ہوا ہے لیکن اسے کھولنا ہمیشہ مشکل رہا ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین جیری موران نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ امریکی کسانوں کے لیے برآمدی اختیارات کم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان جیسے ممالک میں داخل ہونا آسان نہیں ہے۔ اس پرگریر نے جواب دیا کہ ہندوستان کے ساتھ مذاکرات میں پچھلی حکومتوں کے مقابلے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
Published: undefined
گریر نے یہ بھی بتایا کہ امریکہ دنیا کے کئی حصوں جیسے جنوب مشرقی ایشیا اور یورپ میں اپنی مصنوعات کے لیے نئے بازار کھول رہا ہے جس سے ہندوستان جیسے بڑے ممالک کے ساتھ بات چیت میں بھی مدد ملتی ہے۔ گریر نے اشارہ دیا کہ زراعت کے علاوہ ایوی ایشن اور دیگر شعبوں میں بھی ہندوستان کے ساتھ ٹیرف اور مارکیٹ تک رسائی سے متعلق مسائل پیدا ہوں گے۔ 1979 کے ہوائی جہاز معاہدے کے تحت زیرو ڈیوٹی چارج والے پرزوں پر بھی بات چیت آگے بڑھی ہے۔
Published: undefined
موران نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان امریکی مکئی اور سویا سے بنے ایتھنول کا بڑا خریدار بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک نے پہلے ہی امریکی ایتھنول کے لیے اپنے بازار کھول دیئے ہیں۔ کئی سینیٹرز نے غیر مستحکم ٹیرف اور چین کی قوت خرید میں تبدیلی کے درمیان امریکی کسانوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔ اس کے جواب میں گریر نے اس بات پر زور دیا کہ انتظامیہ کا باہمی معاہدوں پر زوردینے سے برآمد کنندگان کے لیے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔ امریکہ کئی معاہدوں پر عمل پیرا ہے جس سے نئے بازار کھلیں گے۔
Published: undefined
پوری بحث کے دوران گریر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مضبوط مذاکرات اور ضرورت پڑنے پر محصولات کا استعمال، بازار کھولنے اور ممالک سے وعدوں کو حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 10 سالوں میں ہندوستان اور امریکہ کی تجارت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک زراعت، ڈیجیٹل خدمات، ہوا بازی، دواسازی اور ضروری معدنیات میں بازار تک رسائی کے لیے مسلسل بات چیت کر رہے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined