عالمی خبریں

ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی کوشش،  ایک اور کوہ پیما ہلاک

ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی کوشش کے دوران امریکی کوہ پیما ڈونلڈ لین ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس سال دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرنے کی کوشش میں تین  کوہ پیما جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ماؤنٹ ایورسٹ
ماؤنٹ ایورسٹ 

نیپالی دارالحکومت کھٹمنڈو سے موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق 55 سالہ ڈونلڈ لین 8,848 میٹر یا 29,028 فٹ بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ، جسے دنیا کی چھت بھی کہا جاتا ہے، کی بلندی پر پہنچ کر تصویر کھینچ رہے تھے۔ اس مقام پر وہ بے ہوش ہوئے اور گر گئے۔ پائنیر ایڈونچر کے رکن پیسینگ ٹینجے نے اے ایف پی کو بتایا کہ ان کی ٹیم کے دو شرپاؤں یا گائیڈز نے انہیں بچانے کی کوشش کی اور جب انہیں چوٹی سے نیچے لایا جا رہا تھا تو وہ ’ہلیری سٹیپ‘ نامی مقام کے قریب ہلاک ہو گئے۔ شرپا ہمالیہ پہاڑیوں کے قریب نیپال اور تبّت کی سرحد پر بسنے والی قوم ہے جو کوہ پیمائی میں مہارت رکھتی ہے اور اکثر کوہ پیماؤں کے گائیڈ اسی قوم سے تعلق رکھتے ہیں۔

Published: undefined

آج کل موسم میں بہتری کی وجہ سے اس پہاڑ پر کوہ پیماؤں کا شدید رش ہے۔ ڈونلڈ لین کی ہلاکت بھی ایک ایسے وقت میں ہوئی جب 200 کوہ پیما اس پہاڑ کی دو اطراف سے اسے سر کرنے کے لیے رواں دواں تھے۔

Published: undefined

بیس کیمپ پر موجود نیپالی حکومت کے اہلکار جینندرا شریستھا نے اے ایف پی کو بتایا،’’ہم اس وقت ایورسٹ پر کوہ پیمائی کرنے والوں کی درست تعداد تو نہیں بتا سکتے مگر یقینی طور پر چوٹی پر بہت رش ہے۔ کوہ پیماؤں کی ٹیموں کی جانب سے بہت زیادہ رش کی شکایت موصول ہوئی ہیں۔ کئی ٹیموں کو چوٹی کی بلندی تک تک پہنچنے میں دو سے زائد گھنٹے کا انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔‘‘

Published: undefined

حالیہ سیزن میں ماؤنٹ ایورسٹ پر ہلاک ہونے والے کوہ پیماؤں کی تعداد اب تین ہو گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے ایک بھارتی کوہ پیما ہلاک ہوئے جبکہ اس سے قبل آئرلینڈ کے ایک مہم جو چوٹی پر پھسلنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔

Published: undefined

اگلے چند ہفتوں میں ساڑھے سات سو کوہ پیما اس چوٹی کو سر کرنے کے ارادے سے اپنے سفر کا آغاز کریں گے۔ اس کے علاوہ 140 کوہ پیماؤں کو تبّت میں ایورسٹ کے شمالی حصے پر کوہ پیمائی کرنے کے اجازت نامے دیئے گئے ہیں۔

Published: undefined

ایورسٹ سمیت ہمالیہ کی کئی چوٹیوں پر اپریل سے مئی کے دوران اچھے موسم کے باعث کوہ پیماؤں کا رش رہتا ہے۔ ایورسٹ کے علاوہ ہمالیہ کی 8000 میٹر بلند چوٹیوں کو سر کرنے کی خواہش کرنے والے چھ کوہ پیما ہلاک ہو چکے ہیں اور دو کوہ پیماؤں کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو پہلی بار سر کرنے کے بعد سے اب تک ہزاروں کوہ پیما ان چوٹیوں کو مسخر کر چکے ہیں اور اس کی ڈھلانیں تین سو سے زائد کوہ پیماؤں کو لقمہ اجل بنا چکی ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined