
بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ
بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی قانونی اور سیاسی مشکلات کم ہونے کانام نہیں لے رہی ہیں۔تازہ واقعہ میں اب 16 سال پرانے بنگلہ دیش رائفلز (بی ڈی آر) بغاوت کی تحقیقات کرنے والے کمیشن نے چونکا نے والے دعوے کیے ہیں۔ کمیشن کے مطابق 2009 میں ہوئی اس خونریز بغاوت کے پیچھے مبینہ طور پرشیخ حسینہ کا ہی حکم کارفرما تھا، جس میں کئی اعلیٰ فوجی افسران کو قتل کردیا گیا تھا۔
Published: undefined
’اے ایف پی‘ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمیشن نے اپنی جانچ میں یہ بھی الزام لگایا ہے کہ بنگلہ دیشی فوج کو کمزور کرنے کی اس سازش میں ہندوستان کا کردار تھا۔ اتوار کو جاری رپورٹ میں سامنے آئے نتائج 78 سالہ شیخ حسینہ پرنیا دباؤ ڈالنے والے ہیں، جنہیں گزشتہ سال ہوئے طلبہ کے زبردست احتجاج کے خلاف حکومت کے کریک ڈاؤن کے معاملے میں پہلے ہی ’انسانیت کے خلاف جرائم‘کے الزامات میں سزائے موت سنائی جا چکی ہے۔
Published: undefined
حسینہ کے خلاف یہ نیا محاذ نوبل انعام یافتہ محمد یونس کی سربراہی میں کام کررہی عبوری حکومت کے اس قدم کے بعد کُھلا ہے جس میں اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد بی ڈی آر بغاوت کی دوبارہ تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دیا گیا ہے۔ 2009 میں ڈھاکہ سے شروع ہونے والی بغاوت دو دنوں میں پورے ملک میں پھیل گئی تھی جس میں 74 افراد کی جانیں گئی تھیں۔ یہ واقعہ حسینہ کی واپسی کے چند ہفتے بعد پیش آیاتھا۔
Published: undefined
کمیشن کے سربراہ اے ایل ایم فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس وقت کی عوامی لیگ حکومت اس بغاوت میں براہ راست شامل تھی۔ انہوں نے سابق ایم پی فضل نور تاپس کو اس سازش کا اہم شریک قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ تاپس نے حسینہ کے اشارے پر اس منصوبے پر عمل کیا۔ واقعہ میں ہندوستانی کردار کے دعوؤں نے معاملے کو مزید سنگین بنادیا ہے۔
Published: undefined
رحمان نے کہا کہ ایک غیر ملکی طاقت کے شامل ہونے کے واضح ثبوت ملے ہیں اور انہوں نے کھل کر ہندوستان کا نام لیا۔ ان کے مطابق بغاوت کے دوران 921 ہندوستانی بنگلہ دیش میں داخل ہوئے تھے جن میں سے 67 کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا، جسے ہندوستانی کردار کے ثبوت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ ان الزامات پر ہندوستان کی جانب سے ابھی تک کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
Published: undefined
غور طلب ہے کہ جولائی-اگست 2024 میں بڑے پیمانے پر ہوئے دھرنے اور مظاہروں کے بعد شیخ حسینہ ہندوستان چلی گئی تھیں جس سے دونوں ممالک کے تعلقات پہلے سے ہی کشیدہ ہیں۔ کمیشن کی رپورٹ جاری ہونے کے بعد یونس نے کہا کہ اب سچ سامنے آچکا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined