بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کو بدعنوانی  کے الزام میں اکیس سال قید کی سزا

امریکہ میں مقیم حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد اور بیٹی صائمہ واجد جو اقوامِ متحدہ کی اعلیٰ عہدیدار کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں، کو پانچ پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے جمعرات کو معزول وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کو بدعنوانی کے جرم میں اکیس سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اس سے صرف ایک ہفتہ قبل انہیں انسانیت کے خلاف جرائم کے سلسلے میں سزائے موت دی گئی ہے۔ اٹھتر سالہ حسینہ اس وقت ہندوستان میں مقیم ہیں اور انہوں نے بنگلہ دیش واپسی کے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی ہے۔

انہوں نے گزشتہ سال طلبہ کی زیرِ قیادت بغاوت کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا گیا تھا جو بالآخر انہیں اقتدار سے بے دخل کر دینے کی وجہ بن گیا۔ اسی بنا پر انہیں 17 نومبر کو انسانیت کے خلاف جرائم پر پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی۔ لیکن انسدادِ بدعنوانی کمیشن (اے سی سی) نے سابق رہنما کے خلاف دارالحکومت ڈھاکہ کے ایک مضافاتی علاقے میں منافع بخش پلاٹوں پر قبضے کے سلسلے میں تین دیگر مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔


جج عبداللہ المامون نے فیصلہ دیا کہ حسینہ واجد کا طرزِ عمل "مسلسل بدعنوانی کی ذہنیت ظاہر کرتا ہے جس کی بنیادیں استحقاق، بے لگام طاقت اور عوامی املاک کی لالچ میں ہیں۔ سرکاری زمین کو ایک نجی اثاثہ سمجھ کر انہوں نے اپنی لالچی نظر ریاستی وسائل پر رکھی اور خود کو اور اپنے قریبی رشتہ داروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے سرکاری طریقہ کار میں ہیرا پھیری کی۔"

امریکہ میں مقیم حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد اور بیٹی صائمہ واجد جو اقوامِ متحدہ کی اعلیٰ عہدیدار کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں، کو پانچ پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی۔ حسینہ کی مطلق العنان حکمرانی کے خلاف طلبہ کی قیادت میں کئی ہفتوں تک احتجاج ہوا جس کے بعد وہ پانچ اگست 2024 کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بنگلہ دیش سے بھارت فرار ہو گئیں۔


حسینہ کی معزولی کے بعد سے بنگلہ دیش سیاسی بحران کا شکار ہے اور تشدد کی ایک لہر نے فروری 2026 میں ہونے والے انتخابات کی مہم کو متأثر کیا ہے۔ حسینہ نے انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں عدالتی فیصلے اور سزائے موت کو "متعصبانہ اور سیاسی محرکات پر مبنی" قرار دیا ہے۔ کرپشن کے تین دیگر مقدمات بھی زیرِ سماعت ہیں جو ان کے اور ان کی بہن شیخ ریحانہ اور ان کے بچوں بشمول برطانوی رکن پارلیمنٹ ٹیولپ صدیق کے خلاف ہیں۔ (بشکریہ نیوز پورٹل ’العربیہ ڈاٹ نیٹ، اردو‘)