شیخ حسینہ کی حوالگی کے لیے بنگلہ دیش کی درخواست پر فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا: ہندوستان
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے تصدیق کی کہ ہندوستان کو بنگلہ دیش سے شیخ حسینہ کی حوالگی کی درخواست موصول ہوئی ہے اور وقت آنے پر فیصلہ کیا جائے گا۔

ہندوستان نے کہا ہے کہ اسے بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حوالگی کی درخواست موصول ہوئی ہے اور اس پر مناسب وقت پر فیصلہ کیا جائے گا۔ بدھ کو ایک بریفنگ میں شیخ حسینہ کی حوالگی سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے تصدیق کی کہ ہندوستان کو بنگلہ دیش سے شیخ حسینہ کی حوالگی کی درخواست موصول ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ اس کا مطالعہ کیا جا رہا ہے اور وقت آنے پر فیصلہ کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ شیخ حسینہ نے اپنی حکومت کے خاتمے کے بعد سے ہندوستان میں پناہ لے رکھی ہے۔بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے محترمہ حسینہ کو موت کی سزا سنائی ہے۔ اس کے بعد بنگلہ دیش نے ہندوستان کی حوالگی کی درخواست کی ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ بنگلہ دیش کے قومی سلامتی کے مشیر نے حالیہ دورہ ہند کے دوران اپنے ہندستانی ہم منصب کو دورہ بنگلہ دیش کی دعوت دی تھی تاہم ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔