’زانی بابا برجیش کو گرفتار کیا جائے‘، مدھیہ پردیش میں معذور بچی کے ساتھ زنا معاملہ پر کانگریس کا اظہارِ برہمی

کانگریس کا کہنا ہے کہ ایک مندر میں مہنت برجیش شرما نے معذور بچی کے ساتھ زنا کیا، پھر اس کے والد کو جان سے مارنے کی دھمکی دے کر عصمت دری کرتا رہا اور اب وہ ملزم مہنت فرار ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کے شیوپوری میں ایک مہنت کے ذریعہ معذور بچی کے ساتھ مبینہ طور پر کئی بار زنا کیے جانے کا معاملہ سرخیوں میں ہے۔ اس تعلق سے کانگریس نے مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت کے ساتھ ساتھ بی جے پی رکن پارلیمنٹ جیوترادتیہ سندھیا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس ترجمان سادھنا بھارتی نے اس واقعہ کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’مدھیہ پردیش کی ڈبل انجن حکومت میں ایک فراڈ شخص فرضی آئی ڈی لے کر مہنت کی شکل میں مندر احاطہ میں تھا، لیکن انتظامیہ و حکومت کو اس کی خبر تک نہیں تھی۔ جب یہ خبر باہر آئی تو بڑی مشکل سے ایف آئی آر درج ہوئی۔ ہم نے اس معاملے میں دھرنا دے کر وزیر اعلیٰ تک عرضداشت پہنچائی۔‘‘ وہ آگے کہتی ہیں کہ ’’ہمارا مطالبہ بڑا واضح تھا کہ زانی بابا برجیش شرما کو گرفتار کیا جائے۔‘‘

کانگریس ترجمان نے معذور بچی کے ساتھ ہوئی زیادتی کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’مدھیہ پردیش کے شیوپوری ضلع کے ایک مندر میں مہنت برجیش شرما نے معذور بچی کے ساتھ زنا کیا، پھر اس کے والد کو جان سے مارنے کی دھمکی دے کر عصمت دری کرتا رہا۔ جب تک اس واقعہ کی لوگوں کو خبر ہوتی، متاثرہ بچی 8 ماہ کی حاملہ تھی، اور اب اس کا ڈیڑھ سال کا بچہ ہے۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’اس معاملے میں پہلے تو بہت مشکل سے ایف آئی آر درج ہوئی، اور اب ملزم مہنت فرار ہے۔ یہ ضلع گونا لوک سبھا حلقہ میں آتا ہے، جہاں سے جیوترادتیہ سندھیا رکن پارلیمنٹ ہیں، لیکن وہ خاموشی اختیار کیے بیٹھے ہیں۔‘‘


سادھنا بھارتی نے معذور بچی کے ساتھ پیش آئے شرمناک واقعہ پر 3 مطالبات پریس کانفرنس میں سامنے رکھے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہمارا مطالبہ ہے... (1) گنا سے رکن پارلیمنٹ جیوترادتیہ سندھیا جی، آپ کے حلقہ میں ایک معذور بچی سے زنا کیا گیا ہے، (2) اس معاملے پر آپ کو خاموشی توڑنی ہوگی۔ او بی سی کا علم بردار بننے والی اوما بھارتی جی، آپ بھی آگے آئیے اور اس ایشو پر خاموشی توڑیے، (3) موہن یادو جی، اگر آپ بچی کو انصاف نہیں دلا سکتے ہیں تو اخلاقی بنیاد پر کرسی چھوڑ دیجیے۔‘‘

کانگریس ترجمان نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ جیوترادتیہ سندھیا سے گزارش کی کہ وہ آگے آئیں اور شیوپوری ضلع کی عصمت دری متاثرہ کو انصاف دلائیں۔ وہ میڈیا کو بتاتی ہیں کہ ’’ہم نے ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سے سوال پوچھا کہ ملزم کب پکڑا جائے گا، تو انھوں نے جواب دیا کہ ملزم مہنت کے پاس کئی شناختی کارڈ ہیں اور شاید بھیس بدل کر کسی جگہ مقیم ہے۔‘‘ اس جواب سے حیران سندھیا سوال پوچھتی ہیں کہ ’’ملزم مہنت کے پیچھے آخر کس کا ہاتھ ہے، جو اسے بچا رہا ہے؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔