’ہندوستان امن اور استحکام کا حامی‘، مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ پر وزیر اعظم مودی کا بیان

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’’مغربی ایشیا میں موجودہ حالات ہمارے لیے گہری تشویش کی بات ہے۔ ہندوستان بات چیت اور سفارت کے ذریعہ تمام تنازعات کو حل کرنے کی حمایت کرتا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p> پی ایم مودی، ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے حوالے سے وزیر اعظم نریندر مودی نے امن اور مذاکرات کا راستہ اپنانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات انتہائی تشویشناک ہیں۔ موجودہ بحران کا حل صرف بات چیت اور سفارتی کوششوں سے ہی ممکن ہے۔ اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دنیا میں تناؤ چل رہا ہے۔ ہندوستان امن اور استحکام کا حامی ہے اور ہندوستانیوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ ہندوستان تمام ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ ہندوستان بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کے حق میں ہے۔ وزیر اعظم کے مطابق جب 2 جمہوریتیں ایک ساتھ کھڑی ہوتی ہیں تو امن کی آواز مزید مضبوط ہو جاتی ہیں۔ مغربی ایشیا میں موجودہ حالات ہمارے لیے گہری تشویش کی بات ہے۔ ہندوستان بات چیت اور سفارت کے ذریعہ تمام تنازعات کو حل کرنے کی حمایت کرتا ہے۔


کناڈائی وزیر اعظم کارنی کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کے بعد وزیر اعظم نے یہ بات کہی ہے۔ اس دوران ہندوستان اور کناڈا نے یورینیم سے متعلق ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس کے علاوہ شہری ایٹمی تعاون کو آگے بڑھاتے ہوئے دونوں ممالک چھوٹے ماڈیولر ری ایکٹرز پر ایک ساتھ مل کر کام کریں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پیر کی نصف شب وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے اپنے اسرائیلی ہم منصب بنجامن نیتن یاہو سے خطے کی موجودہ صورتحال پر بات کرنے کے لیے فون پر رابطہ کیا اور دشمنی کو جلد ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ جبکہ مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے پیر کو کہا تھا کہ مرکزی حکومت خلیجی ممالک میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کو بحفاظت لانے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور اس سلسلے میں بیرون ملک ہندوستانی مشنوں سے رابطے میں ہے۔


مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے کہا تھا کہ جب بھی کناڈیگا اور دیگر ہندوستانی دنیا میں کہیں بھی بحران کا شکار ہوتے ہیں، مرکزی حکومت ان کی بحفاظت واپسی کو یقینی بناتی ہے۔ اس سے قبل ہم یوکرین میں پھنسے ہوئے شہریوں کو بھی واپس لائے۔ جہاں بھی ہندوستانی موجود ہیں، ان کی حفاظت ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے فکر مند خاندانوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اور حکومت تمام ہندوستانی کو بحفاظت واپس لانے کے لیے پرعزم ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔