عالمی خبریں

امریکہ کے نارتھ کیرولائنا میں طیارہ حادثہ، 7 افراد ہلاک

نارتھ کیرولائنا کے اسٹیٹس وِل ریجنل ایئرپورٹ پر سیسنا جیٹ لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں 7 افراد ہلاک ہوئے، جن میں ناسکار کے سابق ڈرائیور گریگ بِفل اور ان کا خاندان شامل ہے

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

 

نیویارک: امریکہ کی ریاست نارتھ کیرولائنا کے شہر اسٹیٹس وِل میں واقع اسٹیٹس وِل ریجنل ایئرپورٹ پر ایک چھوٹا نجی جیٹ طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد کی موت ہو گئی۔ مقامی پولیس اور حکام نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ جمعرات کی صبح پیش آیا اور زمین سے ٹکراتے ہی طیارے میں آگ لگ گئی۔

رپورٹ کے مطابق، اس حادثے میں مرنے والوں میں مشہور موٹر اسپورٹس تنظیم این اے ایس سی اے آر (ناسکار) کے سابق ڈرائیور گریگ بیفل، ان کی اہلیہ اور ان کے دو بچے بھی شامل ہیں۔ دیگر ہلاک شدگان کی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے اور میڈیکل ایگزامنر کے دفتر کی جانب سے باضابطہ تصدیق کے بعد نام جاری کیے جائیں گے۔

Published: undefined

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق، سیسنا سی–550 طیارہ صبح تقریباً 10 بج کر 20 منٹ پر لینڈنگ کی کوشش کے دوران رن وے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ حکام نے بتایا کہ طیارہ کچھ ہی دیر پہلے اڑا تھا لیکن تکنیکی یا دیگر ممکنہ وجوہات کے باعث واپس ایئرپورٹ کی جانب لوٹ آیا تھا۔

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ اَویئر کے مطابق، طیارے نے صبح 10 بجے کے بعد ٹیک آف کیا، تاہم چند منٹ کے اندر اس نے واپسی کی درخواست کی اور دوبارہ اترنے کی کوشش کی۔ عینی شاہدین اور سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثے کے فوراً بعد رن وے پر شدید آگ بھڑک اٹھی اور ملبہ چاروں طرف پھیل گیا، جس پر فائر اور ایمرجنسی ٹیمیں فوری طور پر پہنچ گئیں۔

Published: undefined

اسٹیٹس وِل کے سٹی مینیجر رون اسمتھ نے کہا کہ یہ واقعہ ایک بڑا ایمرجنسی آپریشن تھا اور کئی ریاستی و وفاقی ایجنسیاں مل کر امدادی کارروائیوں اور تحقیقات میں مصروف ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحقیقات مکمل ہونے میں وقت لگے گا۔ ایئرپورٹ کے منیجر جان فرگوسن کے مطابق، حادثے کے بعد ایئرپورٹ کو اگلی اطلاع تک بند کر دیا گیا ہے تاکہ رن وے سے ملبہ ہٹایا جا سکے اور حفاظتی معائنہ مکمل ہو۔ انہوں نے بتایا کہ اب جائے حادثہ کی نگرانی ایف اے اے کے پاس ہے۔

ایف اے اے نے یہ بھی بتایا کہ اس واقعے کی مشترکہ تحقیقات نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) کے ساتھ کی جائیں گی تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔ قابل ذکر ہے کہ چند دن قبل امریکہ کے پڑوسی ملک میکسیکو میں بھی ایک چھوٹا نجی طیارہ حادثے کا شکار ہوا تھا، جس میں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined