امریکی ریاست ٹیکساس میں سیلاب کی تباہی / Getty Images
امریکی ریاست ٹیکساس میں حالیہ تباہ کن سیلاب نے لوگوں کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ 4 جولائی کو آنے والے اس ہولناک سیلاب میں اب تک 120 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 170 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ ریاست بھر میں سوگ کی فضا ہے اور مقامی، ریاستی اور وفاقی سطح پر امدادی ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔
Published: undefined
یہ قدرتی آفت اس وقت آئی جب گواڈالوپ ندی میں اچانک پانی کی سطح بلند ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس کے علاقوں میں پانی بھر گیا۔ گاؤں، قصبے اور کیمپ متاثر ہوئے، سڑکیں، پل، گھر اور موبائل ہاؤسز بہہ گئے۔ اس تباہی کے بعد ٹیکساس میں ایک بحران کی کیفیت پیدا ہو گئی۔
حکام کے مطابق، سب سے زیادہ تباہی کیر کاؤنٹی میں ہوئی ہے، جہاں سے اب تک 100 سے زائد لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ ندی کے کناروں پر دور دور تک پھیلا ہوا ملبہ، درختوں کے ٹوٹے ہوئے تنے اور بہہ کر آئے موبائل ہاؤسز کے ڈھانچے اس تباہی کی ہولناکی کو بیان کرتے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ لاپتہ افراد کی فہرست کی بار بار تصدیق کی جا رہی ہے، لیکن ایسے حالات میں درست تعداد کا پتہ لگانا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔
Published: undefined
سیلاب کی زد میں آنے والے مقامات میں مِسٹِک کیمپ بھی شامل ہے، جہاں افسوسناک طور پر 27 بچوں اور عملے کے افراد کی موت واقع ہوئی۔ یہ واقعہ خاص طور پر دل دہلا دینے والا ہے، کیونکہ یہ ایک تفریحی کیمپ تھا جہاں بچے موسم گرما کی چھٹیاں گزارنے آئے تھے۔
امدادی کارروائیوں میں 2000 سے زائد اہلکار شریک ہیں، جو مقامی، ریاستی اور وفاقی اداروں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ لیکن ملبے، درختوں اور کچرے کی بڑی مقدار ان کارروائیوں میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ زمینی راستے کئی جگہوں پر بند ہو چکے ہیں اور کچھ علاقے مکمل طور پر کٹ کر رہ گئے ہیں، جن تک پہنچنا آسان نہیں۔
Published: undefined
ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ گواڈالوپ ندی کے ہر کونے میں لاپتہ افراد کی تلاش جاری رہے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی کے عزیز یا دوست لاپتہ ہیں تو وہ فوری طور پر مقامی حکام سے رابطہ کریں تاکہ تلاش میں مدد مل سکے۔
رپورٹ کے مطابق، متاثرہ علاقوں میں اب بھی بکھرا ہوا ملبہ اور پانی سے بھرے میدان اس سیلاب کی شدت کی گواہی دے رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق، یہ سانحہ ٹیکساس کی تاریخ کے بدترین قدرتی سانحات میں شمار کیا جا رہا ہے۔ موسمیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مزید بارش کی صورت میں حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined