امریکہ کے رہوڈ آئی لینڈ ہاکی ایرینا میں فائرنگ، 3 لوگوں کی موت، 3 دیگر شدید زخمی
تازہ واقعہ رہوڈ آئی لینڈ میں براؤن یونیورسٹی فائرنگ کے چند ماہ بعد پیش آیا ہے جس میں یونیورسٹی کی بارزاینڈ ہولی انجینئرنگ بلڈنگ میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے 2 طالب علموں کو ہلاک اور9 کو زخمی کردیا تھا۔

امریکہ کے پاوکیٹ واقع ایک مشہورآئس ایرینا میں فائرنگ سے افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعہ میں 3 افراد ہلاک اور 3 دیگر شدید زخمی ہو ئے ہیں۔ پولیس کے مطابق متوفیوں میں حملہ آور بھی شامل ہے، جس نے واقعے کے بعد خود کو گولی مارلی۔ یہ واقعہ ڈینس ایم لنچ ایرینا میں پیش آیا جہاں کئی اسکولوں کے طلباء پر مشتمل ہاکی کا پروگرام جاری تھا۔ اس وقت طلباء اوران کے والدین کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔
’ژنہوا‘ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ممکنہ طور پرحملہ آور نے اپنے ہی خاندان کے افراد کو نشانہ بنایا۔ متوفیوں میں ایک معصوم بچی بھی شامل ہے۔ فائرنگ میں زخمی ہونے والے 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے اور ان کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ پاوکیٹ پولیس چیف ٹینا گونکالویس نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ پروگرام میں شامل تمام اسکولوں نے تصدیق کی ہے کہ ان کے سبھی طلباء محفوظ ہیں اور انہیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کیا جارہا ہے۔
بتادیں کہ پروویڈینس کے شمال میں اور میساچویٹس صوبہ کی سرحد پر آباد پاوکیٹ تقریباً 75ہزارنفوس پر مشتمل شہر ہے۔ یہ ریاست کا چوتھا سب سے بڑا شہر ہے۔ رہوڈ آئی لینڈ کے گورنر ڈین میککی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ رہوڈ آئی لینڈ اسٹیٹ پولیس مقامی پولیس کے ساتھ مل کرکام کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اس واقعہ سے متاثر تمام لوگوں کے لئے دعا کرتا ہوں۔
واقعے کے بعد ایرینا کے اطراف کی سڑکیں بند کر دی گئیں اور پورے علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ ہیلی کاپٹر سے بھی نگرانی کی گئی۔ یہ واقعہ رہوڈ آئی لینڈ میں براؤن یونیورسٹی میں فائرنگ کے چند ماہ بعد پیش آیا ہے۔ دسمبر میں پروویڈنس میں براؤن یونیورسٹی کی بارز اینڈ ہولی انجینئرنگ بلڈنگ میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے دو طالب علموں کو ہلاک اور 9 کو زخمی کر دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔