امتحانات کے دوران امریکہ کی براؤن یونیورسٹی میں خونریز فائرنگ، 2 افراد ہلاک، 8 زخمی

پولیس کے مطابق حملہ آور سیاہ لباس میں ایک مرد تھا جو فائرنگ کے بعد پیدل فرار ہو گیا۔ تاحال موقع واردات سے کوئی ہتھیار برآمد نہیں ہوا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کی معروف آئیوی لیگ براؤن یونیورسٹی اس وقت میدانِ جنگ بن گئی جب امتحانات کے دوران ایک نامعلوم حملہ آور نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ حکام کے مطابق واقعے میں کم از کم دو افراد کی موت ہوگئی جبکہ 8 افراد شدید زخمی ہو گئے، جن میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

فائرنگ کی واردات یونیورسٹی کی انجینئرنگ اور فزکس کی 7 منزلہ عمارت بارس اینڈ ہولی میں اس وقت ہوئی جب طلبہ فائنل امتحانات کے دوسرے روز امتحان دینے میں مصروف تھے۔ ایک طالب علم نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ وہ خوف کے عالم میں دو گھنٹے تک میز کے نیچے چھپا رہا جب تک پولیس نے عمارت کو کلیئر نہیں کر لیا۔ واردات کے بعد یونیورسٹی کیمپس میں بھاری پولیس فورس تعینات کردی گئی۔


اس خٰونریز واردات کے دو گھنٹے بعد بھی پولیس الگ الگ عمارتوں کی تلاشی لیتی رہی۔ آس پاس کے علاقوں میں لوگوں کو گھرسے میں ہی رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق حملہ آور سیاہ لباس میں ملبوس ایک مرد تھا جو فائرنگ کے بعد پیدل فرار ہو گیا۔ تاحال موقع واردات سے کوئی ہتھیار برآمد نہیں ہو ا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

براؤن یونیورسٹی انتظامیہ نے ابتدائی طور پر طلباء اور عملے کو بتایا تھا کہ مشتبہ شخص حراست میں ہے لیکن بعد میں اس معلومات کو درست کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اب بھی ایک یا زیادہ مشتبہ افراد کی تلاش کر رہی ہے۔ پروویڈنس کے میئرنے بعد میں واضح کیا کہ جس شخص کو پہلے حراست میں لیا گیا تھا اس کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ واضح رہے کہ براؤن یونیورسٹی امریکا کے قدیم ترین اور معتبر تعلیمی اداروں میں شمار ہوتی ہے تاہم یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر امریکا میں تعلیمی اداروں کے تحفظ پر سنگین سوالات کھڑے کر گیا ہے۔


تمام زخمیوں کو روڈ آئی لینڈ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اسپتال انتظامیہ کے مطابق 6 زخمی نازک مگر مستحکم حالت میں ہیں، ایک کی حالت تشویشناک جبکہ ایک زخمی کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد یونیورسٹی اور اطراف کے علاقوں میں گھر کے اندر رہنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ڈور بیل کیمروں کی فوٹیج چیک کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع دیں۔

ادھرامریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو واقعے پر بریفنگ دی جا چکی ہے۔ صدر نے کہا کہ متاثرین انتہائی بری حالت میں ہیں اوراس وقت دعا کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر متاثرین اوران کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اسی دوران نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی سوشل میڈیا پر متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کیا۔ ایف بی آئی، اے ٹی ایف اور یو ایس سیکرٹ سروس سمیت وفاقی ادارے مقامی پولیس کی مدد کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔