ثقافت

عابد علی: پاکستانی ڈرامے کی تاریخ ساز شخصیت

پاکستان کے مایہ ناز اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر عابد علی کو جمعے کی سہ پہر کراچی میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ 67 سالہ عابد علی کا انتقال جمعرات کی شب کراچی کے ایک مقامی ہسپتال میں ہوا تھا۔

عابد علی: پاکستانی ڈرامے کی تاریخ ساز شخصیت
عابد علی: پاکستانی ڈرامے کی تاریخ ساز شخصیت 

وہ جگر کے عارضے میں مبتلاء تھے اور گزشتہ چند روز سے ہسپتال میں داخل تھے۔ اگر پاکستان ٹیلی ویژن کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو عابد علی کا شمار پاکستان کے اُن نامور ترین اداکاروں میں ہوتا ہے، جن کے نام پر درجنوں مقبول ترین ٹی وی ڈرامے ہیں۔

Published: undefined

عابد علی کے انتقال پر پاکستان میں فلم اور ٹی وی کے شعبے سے وابستہ شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور ان کی وفات کو پاکستانی ٹیلی ویژن کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا گیا ہے۔

Published: undefined

ثمینہ احمد نے عابد علی کے ساتھ پی ٹی وی کے کلاسیک ڈرامے 'وارث‘ سمیت متعدد ڈراموں میں کام کیا۔ ان کے بارے میں ثمینہ احمد نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ عابد علی ایک بہت پیارے انسان اور بہت اچھے دوست تھے، جن کے ساتھ انہوں نے بہت کام کیا۔ ثمینہ نے بتایا کہ عابد علی سکھانے اور بتانے والے اداکار تھے۔ وہ کام کو بہت سنجیدگی سے لیتے تھے اور ہر سین پر گفتگو کرتے تھے کہ 'اسے ایسے کر لیتے ہیں، تم ایسے کرنا۔ میں ایسے کروں گا۔‘ ثمینہ احمد نے کہا کہ ابھی ان کا بہت سا اچھا کام باقی تھا۔ وہ بہت جلدی چلے گئے مگر بہت سی یادیں چھوڑ گئے اور وہ ہمیں ہمیشہ یاد آئیں گے۔

Published: undefined

معروف اداکار اور مارننگ شو کے میزبان فیصل قریشی نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ انہوں نے عابد علی کے ساتھ دو فلموں سمیت متعدد ڈراموں میں کام کیا۔ فیصل قریشی نے بتایا، ''عابد علی میرے والد کے دوست تھے اور مجھ پر بہت شفیق تھے‘‘۔ ان کے ساتھ اپنی یادیں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ''عابد علی صاحب نے مجھے گود میں کھلایا ہے اور ایک مرتبہ جب میں صرف چند ماہ کا تھا تو میں نے ان پر 'سُوسُو‘ کر دیا تھا جس سے ان کی ٹائی خراب ہو گئی تھی اور وہ آج تک مجھے کہتے تھے کہ میری ایک ٹائی تم پر ادھار ہے اور مجھے نئی ٹائی خرید کر دو‘۔ فیصل قریشی نے بتایا کہ عابد علی صاحب کو اپنی آواز پر بہت عبور تھا اور مکالموں میں کب وقفہ دینا ہے وہ خوب جانتے تھے۔

Published: undefined

مقبول اداکار عدنان صدیقی نے عابد علی کو یاد کرتے ہوئے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ اگرچہ وہ نسبتاً خاموش طبع آدمی تھے مگر بہت وضع دار انسان تھے۔ عدنان صدیقی نے عابد علی کے مشہور ڈرامے غلام گردش سمیت کئی ڈراموں میں کام کیا ہے۔

Published: undefined

معروف اداکارہ اور ماڈل عفت عمر نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ ''غلام گردش میں عابد علی نے میرے والد کا کردار ادا کیا تھا اور میں نے انہیں بہت ہی شفیق پایا۔ وہ ہر اچھے کام کو سراہتے تھے اور جب سین اچھا ہو جاتا تو بہت تعریف کرتے تھے۔ جب انہیں معلوم ہوا کہ میں ان کی بیٹی ایمان علی کی دوست بھی ہوں تو میرے ساتھ مزید شفیق ہو گئے اور ہمیشہ سر پر ہاتھ رکھ کر دعا دیتے تھے۔ بہت ہی پروفیشنل تھے اور وقت کی بہت زیادہ پابندی کرتے تھے۔ کبھی ان کی وجہ سے کوئی سین لیٹ نہیں ہوا۔‘‘

Published: undefined

عابد علی کو یاد کرتے ہوئے پاکستانی فلمی ہدایت کار سید نور نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ ان کا عابد علی کے ساتھ 40 سال سے زیادہ پرانا تعلق ہے، جب سید نور فلمیں لکھا کرتے تھے۔ سید نور نے بتایا کہ عابد علی نے ان کی لکھی ہوئی اور بنائی ہوئی کئی فلموں میں کام کیا اور ان کی خصوصیت یہ تھی کہ وہ مثبت اور منفی دونوں طرح کے کردار بہت اچھے انداز سے کرتے تھے اور ایسے اداکار بہت کم ہوتے ہیں۔

Published: undefined

پاکستان کے صوبے بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں پیدا ہونے والے عابد علی نے اپنے فنّی سفر کا آغاز ریڈیو پاکستان کوئٹہ سے کیا تا ہم کچھ مزید کر دکھانے کی چاہ انہیں لاہور لے آئی جہاں پاکستان ٹیلی ویژن لاہور مرکز سے انہوں نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا۔ یہ بلیک اینڈ وائٹ ٹی وی کا دور تھا اور ٹی وی ڈراما ابھی پنپنا شروع ہوا تھا۔

Published: undefined

یہ وقت عابد علی کے لیے بہت موزوں تھا، انہوں نے اپنے ابتدائی ایّام ہی میں ڈراما سیریل 'جھوک سیال‘ سے شہرت حاصل کی۔ پاکستانی ٹیلی ویژن لاہور مرکز کے حکام کا کہنا ہے کہ اس ڈرامے نے پاکستان کے ڈرامے کو ہمیشہ کے لیے ایک نئی جہت سے روشناس کروا دیا۔

Published: undefined

جھوک سیال کے بعد عابد علی صاحب نے پی ٹی وی کو ایک اور کلاسک ترین ڈراما 'وارث‘ دیا۔ اس ڈرامے کی ہدایات نصرت ٹھاکر نے انجام دی تھیں اور اس میں انہوں نے دلاور نام کا کردار ادا کیا جو آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔

Published: undefined

وارث کے بعد انہوں نے 80 کی دہائی میں کئی سُپر ہِٹ ڈرامے دیے جن میں سمندر، پیاس ، آن، ہزاروں راستے، سورج کے ساتھ ساتھ بہت مقبول ہوئے تھے۔

Published: undefined

پاکستان کے سابق وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو نے جب 70 کی دہائی میں پاکستان میں فلموں کے فروغ کے لیے نیفڈیک کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا تھا، تو اس کے تحت 'خاک اور خون‘ کے نام سے ایک فلم بھی بنائی گئی۔ یہ فلم عابد علی صاحب کی فلموں میں باقاعدہ آمد تھی۔ عابد علی نے200 سے زیادہ فلموں میں کام کیا تاہم وہ عموماً کریکٹر رولز ہی کرتے رہے جبکہ چند ایک فلموں میں انہوں نے ولن کے کردار بھی کیے۔ لیکن ان کی وجہ شہرت ہمیشہ ٹی وی ڈراما ہی رہی۔

Published: undefined

نوے کی دہائی کے اوائل میں جب پاکستان میں پہلے نجی ٹی وی چینل 'این ٹی ایم‘ کی بنیاد رکھی گئی تو ملک میں نجی پروڈکشن کی ضرورت محسوس ہوئی۔ عابد علی صاحب کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ پاکستان میں بننے والی پہلی نجی ڈراما پروڈکشن 'دوریاں‘ ان کی کاوش تھی جو 1991 میں این ٹی ایم پر پیش کی گیا تھا۔ 'دوریاں‘سے عابد علی صاحب کا سفر بطور ہدایت کار اور پروڈیوسر شروع ہوا اور انہوں نے 'دشت‘ ، 'دوسرا آسمان‘ اور 'ہوا پہ رقص‘ سمیت کئی یادگار ڈرامے دیے۔ یہ وہ دور تھا جب نجی ٹی وی کی نرم پالیسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عابد علی صاحب نے کئی ایسے موضوعات پر ڈرامے بنائے جو سرکاری ٹیلی ویژن پر شجر ممنوعہ سمجھے جاتے تھے۔

Published: undefined

عابد علی نے اپنے پروڈیوس کیے بیشتر ڈراموں میں خود بھی اداکاری کی اور رواں صدی کے آغاز پر جب پاکستان میں نجی ٹی وی چینلز کا آغاز ہوا تو انہوں نے اپنی پروڈکشن کمپنی قائم کی جس کے تحت انہوں نے درجنوں سوپ اوپرا تخلیق کیے جن میں 'ماسی اور ملکہ‘ نے سب سے زیادہ شہرت حاصل کی۔

Published: undefined

عابد علی صاحب نے دو شادیاں کیں، ان کی پہلی شادی 70 کی دہائی کے وسط میں اداکارہ اور گلوکارہ حمیرا چوہدری سے ہوئی جنہوں نے ان کے ساتھ ڈراما سیریل 'جھوک سیال‘ میں بطور ہیروئین کام کیا تھا۔ حمیرا چوہدری لاہور میں سکونت پذیر ہیں اور ان سے عابد علی کی تین بیٹیاں بالترتیب مریم علی، ایمان علی اور راحمہ علی ہیں۔ ایمان علی پاکستان کی سُپرماڈل رہ چکی ہیں اور انہوں نے کئی فلموں اور ڈراموں میں بھی کام کیا ہے۔ جبکہ راحمہ علی بھی اداکاری اور گلوکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں۔

Published: undefined

رواں صدی کے آغاز میں عابد علی نے دوسری شادی اداکارہ رابعہ نورین سے کی جن کے ساتھ وہ کراچی میں رہتے تھے۔

Published: undefined

عابد علی صاحب مسلسل کام کرنے پر یقین رکھتے تھے۔ آج بھی پاکستان کے نجی ٹی وی چینل جیو انٹرٹینمنٹ پر ان کے تین ڈرامے چل رہے ہیں جن میں 'میرا رب وارث ‘ ، 'دل کیا کرے‘ اور 'رمزِ عشق‘ شامل ہیں اور حال ہی میں گزشتہ عید پر ان کی حریم فاروق اور علی رحمان کے ساتھ ایک فلم 'ہیر مان جا‘ ریلیز ہوئی تھی جس کی اس وقت بھی پاکستان سمیت دنیا بھر کے متعدد سنیما گھروں میں نمائش جاری ہے۔

Published: undefined

عابد علی کو جنرل ضیاء الحق کے دور میں پاکستان کی حکومت کی جانب سے ان کے فن کے اعتراف میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی بھی دیا گیا تھا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined