تصویر بشکریہ ایکس
کوالالمپور: جی ترشا کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے اتوار کے روز جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ویمنز انڈر-19 ٹی-20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یہ جیت ہندوستانی ویمنز کرکٹ کے لیے ایک تاریخی لمحہ ثابت ہوئی، جس میں نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ جنوبی افریقی بلے باز ہندوستانی گیندبازوں کے سامنے بے بس نظر آئے اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں محض 82 رنز بنا سکی۔ جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ صرف 11 کے اسکور پر گری جب سائمن لارنس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئیں۔ جلد ہی ٹیم نے اپنی دوسری وکٹ 20 کے اسکور پر جیما بوتھا (16) کی صورت میں کھو دی۔ تیسرے نمبر پر آنے والی دیرا راملکن بھی صرف 3 رنز بنا سکیں۔
Published: undefined
جنوبی افریقہ کی کپتان کیلا رینیکے بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکیں اور محض 7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔ کاربو ماسیو نے 10 اور فے کاؤلنگ نے 15 رنز کی اننگز کھیلنے کی کوشش کی، لیکن وہ بھی ٹیم کو بڑے اسکور تک نہ پہنچا سکیں۔ ٹیم کے چار کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز میکے وان وورسٹ نے بنائے، جنہوں نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔
ہندوستان کی شاندار گیندبازی نے جنوبی افریقی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر بکھیر دیا۔ جی ترشا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ پارونیکا سسودیا، ایوشی شکلا، اور ویشنوی شرما نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شبنم ایم ڈی نے بھی ایک وکٹ اپنے نام کی۔
Published: undefined
ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی اوپنرز جی کملینی اور جی ترشا نے پر اعتماد آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 36 رنز کی شراکت قائم کی۔ پانچویں اوور میں کیلا رینیکے نے جی کملینی کو صرف 8 رنز پر آؤٹ کیا، جو جنوبی افریقہ کی واحد کامیابی ثابت ہوئی۔ اس کے بعد جی ترشا اور سانیکا چالکے نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح تک پہنچایا۔
جی ترشا نے 33 گیندوں پر 8 دلکش چوکے لگا کر 44 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ دوسری جانب سانیکا چالکے نے 22 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 26 رنز بنائے۔ ہندوستان نے 12.2 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 84 رنز بنا کر میچ 9 وکٹوں سے اپنے نام کیا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined