سری لنکا کے خلاف پالے کیلے میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری ٹسٹ کے دوسرے دن سری لنکا کی حالت خستہ ہو گئی ہے۔ کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگ میں محض 19 رن پر ایک وکٹ گنوا دیا جب کہ پہلی اننگ میں بھی وہ محض 135 رن ہی بنا سکی تھی۔ اس سے قبل ہندوستان کی پوری ٹیم پہلی اننگ میں 487 رن پر آوٹ ہوئی تھی جس میں ہارڈک پانڈیا کی جارحانہ سنچری کا بڑا رول رہا۔ ہارڈک پانڈیا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے96 بالوں پر آٹھ چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 108 رن بنائے جو کسی بھی قسم کے کرکٹ میں ان کی پہلی سنچری تھی۔ اس سے قبل ان کا فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور 90 اور ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں آوٹ ہوئے بغیر86 تھا۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے ہارڈک پانڈیا نے86 بالوں پر اپنی سنچری مکمل کی جو ہندوستان کے لئے غیر ممالک میں دوسری سب سے تیز سنچری اور کل ملاکرمشترکہ طور پر پانچویں سب سے تیز سنچری تھی۔
ہندوستان کے لئے غیر ممالک میں سب سے تیز سنچری بنانے کا ریکارڈ وریندر سہواگ کے پاس ہے جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف گروس آئلیٹ میں 2006 میں اپنی 180 رن کی اننگ کے دوران سنچری 78 بالوں پر مکمل کی تھی۔یہ ہندوستان کےلئے تیسری سب سے تیز سنچری بھی ہے۔
ٹسٹ کرکٹ میں ہندوستان کےلئے سب سے تیز سنچری اسکور کرنے کا ریکارڈ مشتر کہ طور پر کپل دیو اورمحمد اظہر الدین کے پاس ہے۔ دونوں نے 74-74بالوں پر ایسا کیا تھا۔ کپل دیو نے کانپور میں سری لنکا کے خلاف 1986-87 میں اپنی 163 رن کی اننگ میں سنچری 74 بالوں پر مکمل کی تھی۔ محمداظہر الدین نے کولکاتہ میں 1996-97 میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی109 رن کے اننگ میں سنچری 74 بالوں پر بناکر کپل دیو کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔
شکھر دھون نے آسڑیلیا کے خلاف موہالی میں2012-13 میں اپنی 187 رن کی اننگ کے دوران سنچری 85 بالوں پر مکمل کی تھی جو ہندوستان کے لئے چوتھی سب سے تیز سنچری ہے۔
کپل دیو نے کانپور میں انگلینڈ کے خلاف1981-82 میں اپنی 116 رن کی اننگ کے دوران 100 رن 86 بالوں پر مکمل کئے تھے ۔ یہ ہندوستان کے لئے پانچویں سب سے تیزسنچری ہے جس کی برابری ہارڈک پانڈیا نے کی ہے۔
ہارڈک پانڈیا نے اپنی اننگ میں سات چھکے مارے۔ وہ ایک اننگ میں سات یا اس سے زیادہ چھکے لگانے والے ہندوستان کے چوتھے بلے باز بنے۔ ہندوستان کے لئے ایک اننگ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ نوجوت سنگھ سدھو کے پاس ہے جنہوں نے سری لنکا کے خلاف لکھنو میں 1993-94 میں اپنی 124 رن کی اننگ کے دوران آٹھ چھکے مارے تھے۔
وریندر سہواگ نے سری لنکا کے خلاف ممبئی میں 2009-10میں اپنی293 رن کی اننگ کے دوران سات چھکے مارے تھے جبکہ ہر بھجن سنگھ نے نیوزی لینڈ کے خلاف حیدرآباد میں 2010-11 میں اپنی آوٹ ہوئے بغیر111 رن کی اننگ میں سات چھکے لگائے تھے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined