فکر و خیالات

طنزومزاح کے ممتاز شاعر زبیرالحسن غافل کا انتقال، دنیائے ادب میں غم کا ماحول

زبیر الحسن غافل طنز و مزاح کے مشہور شاعر تھے اور سیمانچل میں اپنی شناخت رکھتے تھے۔ ان کی شاعری پر البم بھی تیار کیا گیا تھا۔ وہ انتہائی مشفق انسان تھے اور علاقے کے لوگوں کی خیرو خبر رکھتے تھے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر 

نئی دہلی/ ارریہ: طنز و مزاح کے ممتاز شاعر اور سابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج زبیر الحسن غافل کل گزشتہ رات پٹنہ کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں مختصر علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر تقریباً 77سال تھی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے ایک بیٹی ہیں۔ ان کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں کملداہا میں ادا کی جا رہی ہے۔

Published: undefined

ذرائع کے مطابق دو دن قبل طبیعت بگڑی تو پورنیہ کے اسپتال میں داخل کرائے گئے اور پرسوں رات طبیعت زیادہ بگڑی تو کل صبح پٹنہ کے پارس ہوسپٹل میں بھرتی کیا گیا اور شام 7.30 بجے مالکِ حقیقی سے جاملے۔ وہ طویل عرصہ سے گردے کے عارضہ میں مبتلا تھے اور ان کے گردے کی پیوندکاری بھی ہوئی تھی۔ اس کے بعد وہ بہتر محسوس کرنے لگے تھے ادبی وشاعری کی محفل میں حصہ لیتے تھے۔

Published: undefined

زبیر الحسن غافل طنز و مزاح کے مشہور شاعر تھے اور سیمانچل میں اپنی شناخت رکھتے تھے۔ ان کی شاعری پر البم بھی تیار کیا گیا تھا۔ وہ انتہائی مشفق، علاقے کے لوگوں کی خیرو خبر رکھتے تھے۔ ان کی پیدائش 7جنوری 1944میں ہوئی تھی۔ انہوں نے 1966میں پورنیہ کالج سے بی ایس سی اور پٹنہ یونیورسٹی سے 1968میں ایل بی بی کیا تھا اور اپنے آبائی شہر ارریہ میں 1969میں وکالت شروع کی تھی۔ اس کے بعد وہ جج منتخب کیے گئے اور مختلف مقامات پر انہوں نے اپنی خدمات پیش کی تھی۔ 2004 میں ریٹائرمنٹ کے بعد لوک عدالت کے جج بھی رہے اور وہ اپنے فیصلے کے لئے جانے جاتے تھے۔

Published: undefined

ان کے تین بیٹوں میں سے ایک جوائنٹ انکم ٹیکس کمشنر اسلم حسن (آئی آر ایس) ہیں جو خود بھی شاعر ہیں اور کوی سمیلین اور ادبی محفلوں کی رونق بڑھاتے رہتے ہیں۔ انہوں نے 2012 میں اپنے والد زبیر الحسن غافل کی رہنمائی میں اپنے آبائی گاؤں میں آل انڈیا مشاعرہ کروایا جو کافی مقبول ہوا تھا اور مشاعرہ بارش کے باوجود صبح تک چلا تھا جس میں ملک بھر کے شعراء و شاعرات نے شرکت کی تھی۔

Published: undefined

ان کے انتقال پر علمی وادبی دنیا کے سرکردہ شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ بہار اردو اکیڈمی کے سابق سکریٹری اور سابق بیوروکریٹ مشتاق احمد نوری نے ان کے انتقال پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دیرینہ مشفق اور ہمدرد سے محروم ہوگئے ان کے ساتھ دوستانہ مراسم تھے۔ انہوں نے کہا کہ زبیر بھائی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کے عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے طنزومزاح کے اچھے شاعر تھے سنجیدہ شاعری بھی کرتے تھے ان کا شعری مجموعہ ’اجنبی شہر‘ شائع ہوچکا تھا جس کا پیش لفظ جناب رضا نقوی واہی نے تحریر فرمایا تھا۔ اس کا اجرا بہار اردو اکادمی کے ہال میں کیا گیا تھا۔

Published: undefined

انہوں نے کہا کہ بہار اردو اکادمی پٹنہ کی جانب سے میرے سکریٹری شپ کے دور میں انہیں مجموعی خدمات کے لئے ایوارڈ دیا گیا تھا اور اکادمی آپ تک کے پروگرام کے تحت ارریہ میں ان کی پذیرائی بھی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بے حد منکسرالمزاج تھے اور اپنے خلوص کا مظاہرہ بھی کرتے رہتے تھے۔ اکثر و بیشتر ارریہ میں انکی رہائش گاہ میں ادبی محفل منعقد کی جاتی تھی جس میں مجھے بھی شریک ہونے کا موقع ملا، کئی بار انہوں اس حقیر کے اعزاز میں بھی محفل سجائی۔ ان کے ابا ظہورالحسن کے ساتھ بھی مجھے مشاعرہ پڑھنے کا اتفاق ہوا اور ان کے صاحب زادے اسلم حسن بھی اچھے شاعر ہیں اور پٹنہ میں اکسائز کمشنر کے عہدے پر فائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے انتقال سے ارریہ کے ایک زرریں ادبی دورہ کا خاتمہ ہوگیا۔

Published: undefined

مشہور نقاد اور صاحب طرز ادیب حقانی القاسمی نے انتہائی رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے زبیر الحسن غافل کے انتقال کو سیمانچل کا ایک عظیم خسارہ قرار دیا۔ وہ بہت ہی مشفق اور چھوٹوں کا خیال رکھنے والے تھے۔ وہ اپنے شناسا کی خیریت دریافت کرتے تھے۔ ان کا شعری مجموعہ ’اجنبی شہر‘ ان کے طنز و مزاح کا عمدہ نمونہ ہے۔ ان کی شاعری اور اپنی ظرافت سے وہ بھی کہہ جاتے تھے جو عام طور نہیں کہہ سکتے تھے۔ انہوں نے طنزو مزاح کا نشانہ اپنے پیشے کے ساتھ سسٹم کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ رواداری اور غمگساری کے امین تھے۔ ان کے انتقال سے بہار ہی نہیں ملک میں طنزو مزاح کے باب میں ایک زبردست خلا پیدا ہوگیا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined